بیدر، 5 /جنوری (ایس او نیوز) ضلع بیدر میں منعقدہ ضلعی سہ ماہی ترقیاتی جائزہ اجلاس یعنی کے ڈی پی میٹنگ کے دوران اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ہُمنا باد کے رکنِ اسمبلی (ایم ایل اے) سدھو پاٹل اور قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) بھیم راؤ پاٹل کے درمیان شدید تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی کی نوبت آگئی۔
اطلاعات کے مطابق ضلع پنچایت ہال میں ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے کی صدارت میں جاری اجلاس کے آغاز ہی میں لے آؤٹ سے متعلق معاملہ زیرِ بحث آتے ہی ایم ایل اے سدھو پاٹل اور ایم ایل سی بھیم راؤ پاٹل کے درمیان نوک جھونک شروع ہوگئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے گالی گلوچ اور ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
صورتحال بگڑتے دیکھ کر پولیس افسران اور دیگر موجود افراد نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو الگ کیا۔ اس واقعے کے بعد ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اس اجلاس میں وزیر رحیم خان، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گریش بودھلے، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گُنٹی سمیت مختلف محکموں کے ضلعی سطح کے افسران شریک تھے۔