ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / چکبالاپور میں فلیکس ہٹانے پر تنازع سنگین؛ راجیو گوڑا کی مبینہ دھمکیوں کی آڈیو وائرل، ملازمین کا احتجاج، سیاسی ہلچل

چکبالاپور میں فلیکس ہٹانے پر تنازع سنگین؛ راجیو گوڑا کی مبینہ دھمکیوں کی آڈیو وائرل، ملازمین کا احتجاج، سیاسی ہلچل

Thu, 15 Jan 2026 00:03:39    S O News
چکبالاپور میں فلیکس ہٹانے پر تنازع سنگین؛ راجیو گوڑا کی مبینہ دھمکیوں کی آڈیو وائرل، ملازمین کا احتجاج، سیاسی ہلچل

چکبالاپور 14/ جنوری (ایس او نیوز/تمیم پاشہ): ریاستی وزیر ضمیر احمد خان کے فرزند زید خان کی اداکاری پر مبنی فلم ’کلٹ‘ کے تشہیری فلیکس شڈلگٹہ شہر میں ہٹائے جانے کے معاملے نے بدھ کے روز شدید تنازع کی شکل اختیار کر لی۔ جس کے بعد  کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے ریاستی کنوینر راجیو گوڑا کو معافی طلب کرنی پڑی۔

اطلاع کے مطابق شڈلگٹہ سٹی میونسپل کونسل (سی ایم سی) کی کمشنر امرتھا گوڑا کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے اور نازیبا زبان استعمال کرنے سے متعلق آڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد سرکاری ملازمین میں شدید غم و غصہ اور سیاسی حلقوں میں سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔

میونسپل ملازمین کا احتجاج اور جلوس:
آڈیو وائرل ہونے کے فوراً بعد شڈلگٹہ سٹی میونسپل کونسل کے ملازمین نے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور راجیو گوڑا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ملازمین نے الزام لگایا کہ فلمی فلیکس ہٹانے پر کمشنر کو فون پر گالیاں دی گئیں اور دھمکایا گیا۔ بعد ازاں میونسپل ملازمین نے شہر میں جلوس بھی نکالا اور کانگریس لیڈر کے رویے کی سخت مذمت کی۔

ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے فلیکس:
میونسپل حکام کے مطابق، ’کلٹ‘ فلم سے متعلق تشہیری فلیکس شڈلگٹہ کے مصروف کوٹے چوک میں سڑک کے عین درمیان نصب کیے گئے تھے، جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی تھی اور پیدل چلنے والوں کو بھی خطرہ لاحق تھا۔ عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد میونسپل عملے نے کارروائی کرتے ہوئے فلیکس ہٹا کر سی ایم سی دفتر منتقل کر دیے تھے۔

دھمکی آمیز آڈیو میں کیا کہا گیا؟
وائرل آڈیو میں مبینہ طور پر راجیو گوڑا کو کمشنر امرتھا گوڑا سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ:
“اگر میرا بینر ہٹایا گیا تو میں آ کر آگ لگوا دوں گا۔ تم نے میرا اچھا پہلو دیکھا ہے، میرا برا پہلو نہیں دیکھا۔” آڈیو میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ راجیو گوڑا نے کمشنر کو شڈلگٹہ سے تبادلے کی دھمکی دی اور کہا، “میں ایک منٹ یا دو منٹ بھی انتظار نہیں کروں گا، مجھے کسی عام آدمی کی طرح مت سمجھو۔” وہ مبینہ طور پر اس بات پر بھی اصرار کرتے سنے گئے کہ فلیکس فوری طور پر دوبارہ لگائے جائیں۔

اس کے جواب میں آڈیو میں کمشنر امرتھا گوڑا کو وضاحت دیتے ہوئے سنا گیا  کہ بینر سڑک کے بیچ باندھا گیا تھا، جس سے حادثات ہو رہے تھے۔ “عوامی شکایت ملی تھی، اجازت کے بغیر بینر لگایا گیا تھا، اگر کوئی حادثہ پیش آتا تو اس کی ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی، اسی لیے فلیکس ہٹائے گئے۔”

بتایا جا رہا ہے کہ بات چیت کے دوران بدسلوکی بڑھنے پر کمشنر جذباتی ہو گئیں، جس کے بعد میونسپل ملازمین نے ہڑتال اور احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

سیاسی ردعمل میں شدت:
اس معاملے پر سیاسی حلقوں میں بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر چلواڈی نارائن سوامی نے ایک خاتون افسر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر راجیو گوڑا کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسی طرح کے ایک متنازع بینر کے باعث یکم جنوری کو بلاری میں کانگریس لیڈر راج شیکھر ریڈی کی موت واقع ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ “شہر میں فساد کرانے کی دھمکی دینے اور خاتون افسر کو گالیاں دینے والے راجیو گوڑا کے خلاف غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، بصورت دیگر ریاست بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔”

ڈی کے شیوکمار اور ایچ ڈی کمارسوامی کا ردعمل:
نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: “وہ کوئی بھی ہو، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔”

مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارسوامی نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک خاتون افسر کے ساتھ نازیبا زبان میں بات کیسے کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ خواتین افسران کے خلاف اس طرح کے رویے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور قصوروار کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

راجیو گوڑا کا مؤقف اور معذرت:
دوسری جانب، راجیو گوڑا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بینر لگانے کی اجازت حاصل تھی اور انہوں نے کسی قسم کے نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ وائرل آڈیو کلپ ایڈٹ شدہ ہے۔ تاہم بعد میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے بعد میں امرتھا گوڈا سے بھی معذرت بھی کی۔

پولیس میں شکایت درج:
دریں اثنا، اسی روز شڈلگٹہ سٹی میونسپل کمشنر امرتھا گوڑا نے راجیو گوڑا کے خلاف پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔


Share: