ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بلاری فساد کے لئے جناردھن ریڈی ذمہ دار ہے - ڈی کے شیوکمار کا الزام

بلاری فساد کے لئے جناردھن ریڈی ذمہ دار ہے - ڈی کے شیوکمار کا الزام

Sun, 04 Jan 2026 12:20:19    S O News

بینگلورو،  4 / جنوری (ایس او نیوز) بلاری میں ہوئے گروہی تصادم کے تعلق سے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے الزام لگایا ہے کہ اس کے لئے سابق وزیر جناردھن ریڈی ذمہ دار ہے ۔ 
    
پریس والوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ "جب تک جناردھن ریڈی نے بلاری میں قدم نہیں رکھا تھا، وہاں کبھی فساد نہیں ہوا تھا ۔ کوئی چھوٹا موٹا ناخوشگوار واقعہ بھی نہیں ہوا تھا ۔ جب سے وہ وہاں پہنچے ہیں، فساد شروع ہوا ہے ۔ اس لئے انہیں بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ ہم لوگ ہمارے ایم ایل اے بھرت ریڈی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔"  
    
ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ہم نے ہمارا ایک کارکن کھویا ہے ۔ اس کے لئے کون ذمہ دار ہے یہ بات تحقیقات سے ہی سامنے آئے گی ۔ اس کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ جنہوں نے غلطی کی ہے انہیں سزا ضرور ہوگی ۔ 
    
جناردھن ریڈی نے کہا تھا کہ 'میرے قتل کی سازش رچی گئی تھی ۔' اس پر ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ جناردھن ریڈی ایک ڈراما ماسٹر ہے ۔ کیا پہلے وہ ایک فلم ڈائریکٹر نہیں تھے ؟ جس شخص نے قلعہ تعمیر کیا ہو اور سو افراد کو سیکیوریٹی پر مامور کیا ہو، اسے کون قتل کر سکتا ہے ؟ الٹے لوگوں کو کسی اور قسم کا خوف ہے ۔ ریڈی کنبے کو شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے ۔ اس لئے اس طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ کس کی کیا تاریخ ہے وہ آپ لوگ ہی سمجھ لیں ۔ 
    
نائب وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ "پہلی بار ہماری حکومت کی طرف سے مہارشی والمیکی کی مورتی تعمیر کی جا رہی ہے اور اس کی ذمہ داری ہمارے ایم ایل اے بھرت ریڈی نے لی ہے ۔ شہر میں ہر جگہ پوسٹرس لگائے گئے ہیں ۔ ہمارے گھر کے سامنے بھی بی جے پی والے پوسٹرس چپکاتے ہیں ۔ کیا میں انہیں منع کر سکتا ہوں ؟ ایسے پوسٹرس لگانے سے بی جے پی والوں کو آخر کیا تکلیف ہو رہی ہے ؟ 
    
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے اس واقعے کی چھان بین کرنے کے لئے ایچ این ریونّا کی قیادت میں ایک کمیشن بلاری گیا ہوا ہے ۔ ریاست میں بی جے پی کی شکست کے بعد سری راملو اور جناردھن ریڈی ایک ہوگئے ہیں ۔ ان کے درمیان کیا کچھ چل رہا ہے اس کا پتہ نہیں ہے ۔ بلاری میں پھر ایک بار وہ جو اپنا اقتدار لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کا موقع ہم نہیں دیں گے ۔ 


Share: