دبئی، 28 نومبر (صفیٰ کے ایم/پریس ریلیز): 8 نومبر سے جاری آوز ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ایڈیشن 3 اب اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے، اور اس ٹورنامنٹ کے پہلے اور دوسرے سیمی فائنل کل سنیچر 29 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ اس دلچسپ اور تفریح سے بھرپور ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ اتوار 30 نومبر کو ہوگا۔
لیگ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں پلے آف میں پہنچ چکی ہیں، اور سنیچر اور اتوار کو کھیلے جانے والے میچوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
کوالیفائر 1: آوز چیلنجرز بمقابلہ حنیف واریئرز — ہفتہ، 29 نومبر، رات 8 بجے
ایلمنیٹر: فیب 11 بمقابلہ سیدار ابوظبی — ہفتہ، 29 نومبر، رات 8 بجے
کوالیفائر 2: اتوار، صبح 10 بجے
فائنل: اتوار، شام 5 بجے
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں 8 مضبوط ٹیموں نے حصہ لیا تھا، اور اب تک کے تمام مقابلے نہایت سنسنی خیز اور دلچسپ رہے ہیں، جنہوں نے شائقینِ کرکٹ کو بہترین تفریح فراہم کی ہے۔
12 اکتوبر کو ریڈیسن بلیو ہوٹل، کریک ڈیرا میں کھلاڑیوں کی نیلامی عمل میں آئی تھی، جس میں 177 کھلاڑیوں نے ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے حصہ لیا۔
شریک ٹیمیں یہ تھیں: آوز چیلنجرز، نوائط کرکٹرس دبئی (NCD)، رائزنگ اسٹارز، فیب 11، حنیف واریئرز، سیدار ابوظبی، لگژری زون اور ٹی پارٹی آفیشل۔
افتتاحی تقریب میں کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے تھے، جبکہ بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے ذمہ داران نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آوز چیلنجرز پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے اور اس بار چمپئن شپ حاصل کرنے کی مضبوط دعویدار کے طور پر ابھری ہے۔ گزشتہ دونوں ایڈیشنز کی چیمپئن ٹیم نوائط کرکٹرس دبئی (NCD) بدقسمتی سے اس مرتبہ پلے آف تک رسائی حاصل نہیں کرسکی۔
تمام مقابلے مَلِک کرکٹ اسٹیڈیم، عجمان میں کھیلے جارہے ہیں، اورکل اور اتوار کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل اور فائنل کے دلچسپ مقابلوں میں راست شریک ہونے اور کانٹے کی ٹکر والے میچس سے لطف اندوز ہونے کے لئے شائقین کو گراؤنڈ تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اختتامی تقریب میں ریفل ڈرا کے ذریعے شائقین کے لیے انعامات دینے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے، جو ایونٹ میں مزید دلچسپی پیدا کرے گا۔
آرگنائزرس کے مطابق: پہلا انعام: برگمٰن بائیک، دوسرا انعام: 50 ہزار روپے اور تیسرا انعام: 25 ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی انعامات رکھے گئے ہیں جن میں بچوں کے لیے خصوصی تحائف بھی شامل ہیں۔