بنگلورو، 16 نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی)بنگلورو پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ (CCB) اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے ایک بڑی کارروائی میں شہر میں جعلی نندنی برانڈ گھی تیار کر کے فروخت کرنے والے بین ریاستی ریکٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 8136 لیٹر جعلی گھی، خام مال، پیکنگ مشینیں اور چار مال بردار گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ ضبط شدہ سامان کی کل مالیت تقریباً 1.26 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے بتایا کہ ملزمین تمل ناڈو میں نچلے درجے کے ناریل اور پام آئل کو ملا کر گھی تیار کرتے تھے، جسے بعد میں نندنی برانڈ کے جعلی ساشے اور بوتلوں میں بھر کر بنگلورو کے تھوک و پرچون بازاروں کے علاوہ کچھ نندنی پارلروں تک سپلائی کیا جاتا تھا۔ جعلی پیکنگ میٹریل، اسٹیکر اور ساشے بڑی مقدار میں برآمد کیے گئے ہیں۔
14 نومبر کو CCB اور KMF کے ویجلنس شعبہ نے مشترکہ آپریشن میں چامراج پیٹ کے ننجامبا اگراہارہ میں واقع کرشنا انٹرپرائزز کے گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے جعلی گھی سے بھری ایک گاڑی سمیت مشینیں، خام مال اور بوتلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ موبائل فون، چار بولیرو گڈز وہیکلز (مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے)، 1,19,640 روپے نقد، ناریل اور پام آئل کے ڈبے، اور گھی تیار کرنے والی مشینیں ضبط کیں۔
پولیس کے مطابق اب تک چار ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ امکان ہے کہ اس ریکٹ میں شامل مزید افراد کی گرفتاری بھی جلد عمل میں آئے گی۔