ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب منکی میں فری میڈیکل کیمپ؛ 200 افراد کا ہیلتھ چیک اپ

بھٹکل کے قریب منکی میں فری میڈیکل کیمپ؛ 200 افراد کا ہیلتھ چیک اپ

Sun, 01 Feb 2026 20:53:38    S O News
بھٹکل کے قریب منکی میں فری میڈیکل کیمپ؛ 200 افراد کا ہیلتھ چیک اپ

بھٹکل، یکم فروری (ایس او نیوز/تعظیم قاضی): پڑوسی علاقہ منکی میں القسیم اسپورٹس اینڈ سوشل کلب منکی اور لائف کیئر اسپتال بھٹکل کے اشتراک سے، جماعت المسلمین منکی کی زیرِ سرپرستی ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ اردو گرلز اسکول منکی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

اس میڈیکل کیمپ سے تقریباً 200 افراد نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے صحت کے معائنے کروائے۔ عوام نے اس موقع کو غنیمت جانا اور بڑی تعداد میں شرکت کر کے پروگرام کو کامیاب بنایا۔

manki-medical-camp-1

کیمپ کا افتتاحی پروگرام اتوار کی صبح تقریباً 10 بجے منعقد ہوا، جس میں جماعت کے ذمہ داران اور مہمانانِ کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے القسیم اسپورٹس اینڈ سوشل کلب کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کلب نے عوامی خدمت کے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کیا ہو، بلکہ ماضی میں بھی کلب کے بینر تلے متعدد فلاحی سرگرمیاں انجام دی جا چکی ہیں، جو کلب کی نمایاں پہچان رہی ہیں۔ اگرچہ کچھ عرصے سے یہ سلسلہ کمزور پڑ گیا تھا، تاہم موجودہ نوجوانوں نے جس جوش و جذبے کے ساتھ اس خدمت کا آغاز کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر نوجوانوں کو مبارکباد دی گئی اور ان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

manki-medical-camp-3

اس موقع پر جماعت المسلمین منکی کے صدر حبیب کڑپاڑی، سیکریٹری حسن باپو، قاضی و خطیب مولانا شکیل احمد سکری ندوی، ناظمِ اعلیٰ مدرسہ رحمانیہ ماشیما محمد عرفان، سیکریٹری ناخدا محلہ جماعت المسلمین حافظ ریاض، سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ القسیم کلب کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے تمام انتظامات نہایت بہترین انداز میں کیے گئے تھے۔ یہاں تک کہ مریضوں کی آمد و رفت کے لیے فری آٹو سروس کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جس سے لوگوں کو خاصی سہولت حاصل ہوئی۔ کیمپ میں شریک ڈاکٹروں اور ان کی ٹیم نے بھی القسیم کلب اور اس کے نوجوانوں کی محنت، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کے جذبے کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

Click here for report in English


Share: