ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے قیام کے پچاس سال مکمل؛ بھٹکل میں شاندار تقریب، خدمات پر ذمہ داران کی بھرپور ستائش

بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے قیام کے پچاس سال مکمل؛ بھٹکل میں شاندار تقریب، خدمات پر ذمہ داران کی بھرپور ستائش

Thu, 14 Aug 2025 18:20:56    S O News
بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے قیام کے پچاس سال مکمل؛ بھٹکل میں شاندار تقریب، خدمات پر ذمہ داران کی بھرپور ستائش

بھٹکل 14 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر، تین ماہ قبل دبئی میں شاندار تقریب کے بعد، گذشتہ روز بھٹکل رابطہ ہال میں بھی جشن پناس 2025 کے عنوان سے ایک پررونق تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر کے مختلف مرکزی اداروں کے ذمہ داران نے جماعت کی نصف صدی پر محیط خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دبئی اور شارجہ میں مصروف کاروباری و پیشہ ورانہ زندگی کے باوجود جماعتی اراکین کا قوم و ملت کے مسائل اور اداروں کی ترقی کے لیے وقت نکالنا ایک قابلِ قدر کارنامہ ہے۔

شرکاء نے اس امر کو بھی سراہا کہ دبئی جماعت نہ صرف بھٹکل کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہتی ہے بلکہ مقامی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے مالی اور انتظامی تعاون بھی فراہم کرتی ہے۔

تقریب میں جماعت کے سابق جنرل سکریٹری رحمت اللہ راہی کی قیادت میں تیار کردہ وڈیو ڈاکیومینٹری پیش کی گئی، جس میں جماعت کے قیام سے لے کر اب تک کی خدمات، بانی اراکین اور سرگرم ممبران کا تعارف شامل تھا۔ اس موقع پر مرحوم ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب — جنہوں نے بھٹکل کے مختلف سماجی، ملی اور تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا — کی حیات و خدمات پر مبنی کتاب کے فرنٹ کور کا اجرا بھی کیا گیا۔ جماعت کے جنرل سکریٹری جیلانی محتشم کے مطابق کتاب کا اردو ورژن مکمل ہو چکا ہے، جبکہ انگریزی ورژن آئندہ تین ماہ میں تیار ہو جائے گا۔

بھٹکل کے معروف این آر آئی، ممتاز بزنس مین اور انجمن حامئی مسلمین کے صدر جناب یونس قاضیا نے خطاب میں کہا کہ دبئی جماعت تمام خلیجی ممالک میں قائم بھٹکلی جماعتوں کی سرپرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں بھٹکل کے نوجوان نہ صرف ملازمت بلکہ کامیاب تجارت میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور کئی اعلیٰ کارپوریٹ عہدوں پر فائز ہیں۔ ان کے مطابق بھٹکل کمیونٹی واحد ایسی برادری ہے جو بیرون ملک رہتے ہوئے بھی اپنے وطن اور اداروں سے جڑی رہتی ہے، اور یہ ہمارے بزرگوں کی تربیت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجمن حامئی مسلمین کو گلف کی دیگر جماعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اور مسلسل تعاون دبئی جماعت سے ملتا رہا ہے۔

bhatkal-muslim-jamat-jashne-paans-2
مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے بھی اعتراف کیا کہ تنظیم کو سب سے زیادہ مالی تعاون دبئی جماعت سے ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت ہر ضرورت کے وقت تنظیم کے ساتھ کھڑی رہی ہے — چاہے وہ زکوٰۃ فنڈ ہو، غرباء کی امداد یا قدرتی آفات کا موقع، ہر موقع پر فوری اور سب سے زیادہ تعاون دبئی جماعت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل نوائط کالونی میں زیر تعمیر تنظیم کمپلیکس کے لیے سب سے بڑا عطیہ بھی دبئی جماعت کا ہے۔ فی الحال 60 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی کے لیے مزید تعاون درکار ہے۔

4/ اگست 2025 کو بعد نماز عشاء منعقدہ اس تقریب کا آغاز عشائیے سے ہوا۔ تلاوت کلام پاک عبدان دامدا نے کی، جبکہ نعت شریف عبداللہ راضی نے پیش کی۔ جماعت کے جنرل سکریٹری جیلانی محتشم نے استقبالیہ کلمات اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی، نائب صدر عمران خطیب نے صدارتی خطبہ پیش کیا اور نظامت سابق جنرل سکریٹری شکیب شاہ بندری ندوی نے کی۔

تقریب سے قاضی شہرمولاناعبدالرب خطیب ندوی، مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، جماعت المسلمین کے صدر ماسٹر شفیع شاہ بندری، جامعہ اسلامیہ کے صدرمولوی عبدالعلیم قاسمی، رابطہ سوسائٹی کے صدرعمرفاروق مصباح اور انڈین نوائط فورم کے صدر آفتاب حسین کولا سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

دبئی میں منعقدہ جشن پناس میں غیر حاضر رہنے والے، بھٹکل میں مقیم جماعت کے سابق صدور اور جنرل سکریٹریوں کو اُن کی خدمات کے اعتراف میں میمنٹو پیش کیے گئے۔ اسی طرح، جماعت کے قیام سے وابستہ رہتے ہوئے طویل خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہوکر واپس بھٹکل آجانے والے حیات اراکین کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور انہیں اعزازی میمنٹو پیش کیے گئے۔ اس موقع پر دبئی میں منعقدہ قرآن حفظ مسابقہ کے چار زُمروں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے نام بھی پیش کیے گئے، جنہیں دبئی کی تقریب میں انعامات دیے جا چکے تھے۔ ان نشستوں کی ذمہ داریاں جشن پناس کے کنوینر مُعِزمعلم، طٰحہ معلم اور تبریز گوائی نے بخوبی انجام دیں۔

رابطہ سوسائٹی بھٹکل کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری، تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، محتشم جان عبدالرحمن، محمد باپو عبدالقادر باشہ رکن الدین، امجد شاہ بندری، محمد غوث خلیفہ، کے ایم سمیر، قمر سعدا، ایس ایم ارشد، عمّار قاضیا سمیت دیگر معزز مہمان موجود تھے۔  جماعت کے خازن جناب آفاق نائطے نے کلمہ تشکر پیش کیا۔

تقریب کے آخرمیں مزاحیہ شاعرنجم حسن پرتاپ گڑھی نے اپنے کلام سے محفل کو مزید پُرلطف بنایا۔ اختتام مولانا عبدالرب خطیب ندوی کی دعا پرہوا۔

bhatkal-muslim-jamat-jashne-paans-3


Share: