ہاویری 10 دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے ضلع ہاویری کے ساونور قصبہ میں سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول کے ایک استاد پر اسکولی طالبات کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا سنگین الزام سامنے آنے کے بعد والدین اور مقامی عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے چپلوں کا ہار پہنا کر سڑکوں پر لے آئے پھر اس کی خاطر داری کرنے کے بعد ساونور پولس تھانہ تک جلوس نکالتے ہوئے پولس اسٹیشن کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ استاد کی شناخت جگدیش کے طور پر ہوئی ہے، جو ساونور کے سرکاری اردو اسکول میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق طالبات کے ساتھ نازیبا حرکات اور جنسی ہراسانی کے الزام کے بعد مشتعل والدین بڑی تعداد میں اسکول پہنچے اور استاد کی درگت بنا کر اسے چپلوں کا ہار پہنا دیا۔ بعدازاں عوام اور والدین کے ایک گروپ نے مارچ کرتے ہوئے استاد کو پولیس اسٹیشن تک لے جا کر پولیس کے حوالے کردیا۔
والدین نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ طالبات کے ساتھ پیش آئے اس شرمناک واقعے کی مکمل اور منصفانہ تحقیقات کی جائیں اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔