اڈپی، 13 / اپریل (ایس او نیوز) ہولیکل گھاٹ پر زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آنے کے بعد شیموگہ کے ضلع ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا نے کنداپور- تیرتھلّی ریاستی ہائی وے پر تما قسم کی موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ گھاٹ کے اس راستے پر تقریباً پانچ فٹ چوڑے حصے پر زمین کھسک گئی ہے اور کانکریٹ روڈ پر کئی جگہ شگاف پیدا ہوئے ہیں ۔ اس راستے پر سفر کرنے والوں کی حفاظت کو سامنے رکھتے ہوئے ٹریفک پر عارضی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سڑک کے انتہائی گھماو والے حصے پر جاری حفاظتی کام جاری پورا ہونے تک ٹریفک کے لئے اجازت نہیں رہے گی ۔
ضلع انتظامیہ کی طرف سے فی الحال ٹریفک کے لئے متبادل راستہ استعمال کرنے کے لئے کہا گیا ہے جس کے تحت تیرتہلّی سے کنداپور کی طرف آنے والے لوگوں کو تیرتہلّی - کانوگوڈ - نگر- کولّور کا راستہ اختیار کرنا ہوگا جبکہ ایڈور کے راستے آنے والے لوگوں کو تیرتہلّی - ایڈور - ماستی کٹّے -کانوگوڈ - نگر - کولّور کا راستہ استعمال کرنا ہوگا ۔ اسی طرح ساگر شیموگہ کی طرف سے آنے والوں کو شیموگہ - ہوناور نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے بھٹکل اور بیندور کے راستے کنداپور تک جانا ہوگا ۔
خیال رہے کہ حال ہی اسی علاقے میں تعمیراتی کام کے دوران پہاڑی کھسکنے کا معاملہ پیش آیا تھا اور اس کی زد میں آنے والے تین مزدوروں کی موت واقع ہوئی تھی ۔ ابھی اس واقعے کا خوف اور یاد ذہن تازہ ہے ، اسی دوران پھر ایک بار زمین کھسکنے کی وجہ سے مزید تشویش کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔