ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / آئی پی ایل فائنل کی دوڑ میں آج آر سی بی اور پنجاب کنگس آمنے سامنے، اختتامی تقریب افواج کے نام

آئی پی ایل فائنل کی دوڑ میں آج آر سی بی اور پنجاب کنگس آمنے سامنے، اختتامی تقریب افواج کے نام

Tue, 03 Jun 2025 13:44:31    S O News

 احمد آباد ، 3/  جون (ایس او نیوز /ایجنسی ) آئی پی ایل 2025 کا فائنل آج (منگل) احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔  یہ مقابلہ شام 7.30 بجے شروع ہوگا۔ فائنل کی اختتامی تقریب کی تھیم ’آپریشن سندور‘ ہوگی۔ تقریب میں تینوں افواج کے سربراہ شامل ہونے کے لیے مدعو کیا گیا۔ پورے اسٹیڈیم کو ترنگے کے رنگ کی لائٹ سے سجایا جائے گا اور اس دوران موسیقار شنکر مہادیون کا لائیو کنسرٹ ہوگا۔

رائل چیلنجرس بنگلورو اور پنجاب کنگس کی ٹیمیں آج ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے پاس سنہرا موقع ہے ٹرافی جیت کر 18 سال کی خشک سالی ختم کرنے کا۔ ویسے سبھی کی نگاہیں اسٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی پر رہنے والی ہیں کہ وہ آخرکار بنگلورو کو آئی پی ایل کا خطاب جتا پاتے ہیں یا نہیں۔

آر سی بی اور کوہلی کا یہ چوتھا فائنل ہونے والا ہے۔ کوہلی کی حوصلہ افزائی کے لیے 18 نمبر کی جرسی میں ان کے شائقین اسٹیڈیم میں نظر آ سکتے ہیں۔ کھیل کی بات کریں تو کوہلی نے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں اب تک 614 رن بنا چکے ہیں۔

دوسری طرف شیریس ایّر بھی پنجاب کے لیے مضبوط ڈھال کی طرح کھڑے ہیں۔ گزشتہ سال ان کی کپتانی میں کولکاتا نے آئی پی ایل کا خطاب جیتا تھا۔ دیکھنا دلچسپ ہے کہ اس بار وہ اپنی نئی ٹیم کو آئی پی ایل کا فاتح بنا پاتے ہیں یا نہیں۔

ادھر بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے ہم نے فوجی سربراہ جنرل اوپندر دیویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے۔ ترپاٹھی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ کے ساتھ دیگر فوجی سربراہوں، افسروں اور جوانوں کو احمد آباد میں آئی پی ایل فائنل میچ دیکھنے کے لیے مدعو کیا ہے۔

دیوجیت سیکیا نے کہا کہ اختتامی تقریب ہمارے فوجیوں کو وقف ہوگا۔ بی سی سی آئی ملک کے مسلح افواج کی بہادری، ہمت اور بے لوث خدمت کو سلام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے تئیں اظہار تشکر کی علامت کے طور پر ہم نے اختتامی تقریب کو مسلح افواج کو وقف کرنے اور اپنے ہیروز کو اعزاز بخشنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھلے ہی کرکٹ ایک قومی جنون رہا ہے لیکن ہمارے ملک کی خودمختاری، سالمیت اور تحفظ سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔


Share: