دوحہ (قطر)، 23 جون (ایس او نیوز) ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکہ کی طرف سے راست بمباری کے بعد جیسا کہ ایران نے خلیج فارس میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی، آج پیر کو اس نے اپنی دھمکی پر عملی جامہ پہنا دیا ہے۔— ایران نے تصدیق کی ہے کہ اس نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں واقع امریکی فوجی اڈے العدید ایئربیس (Al Udeid Air Base) پر میزائل حملہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری کے ردِعمل میں کیا گیا، جسے ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے "اعلانِ فتح" (Annunciation of Victory) نامی آپریشن قرار دیا۔
پیر کو دوحہ کے آسمان پر فلیئرز اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حکام کو ابتدا میں یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ دفاعی نظام کی کارروائی ہے یا حملے کے اثرات ہیں۔ قطر نے حفاظتی اقدام کے طور پر اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا۔
امریکی و برطانوی سفارتخانوں نے قطر میں مقیم شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔
العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں 10,000 سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں اور یہ CENTCOM کا مرکزی ہیڈکوارٹر ہے۔ یہاں سے عراق، شام اور افغانستان میں امریکہ کی فوجی کارروائیاں کنٹرول کی جاتی رہی ہیں۔
قطر اور خلیجی فضائی حدود میں تعطل: ایران کے حملے کے بعد قطر، کویت، بحرین، یو اے ای اور عراق نے اپنی فضائی حدود یا تو بند کردی ہیں یا فلائٹ خدمات کو محدود کر دیا ہے۔
قطر ایئر ویز نے ایران، عراق اور شام کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں؛ یو اے ای کی ایمریٹس، اتحاد، فلائی دبئی اور ایئرعربیہ نے متعدد رُوٹ کو منسوخ یا ری روٹ کیا ہے۔