کلبرگی ، 26/ نومبر (ایس اونیوز /ایجنسی) ضلع کلبرگی میں پیش آنے والے دردناک سڑک حادثے میں ریاست کے سینئر آئی اے ایس افسر مہانتیش بیلگی اپنے بھائی شانتا کڑ بیلگی اور قریبی ساتھی ایرانّا شیراسانگی کے ہمراہ جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ جیورگی تعلقہ کے گونالی کراس کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مہانتیش اپنے بھائی اور ایک دوست کے ساتھ رامدرگ سے کلبرگی ایک خاندانی شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ راستے میں اچانک ایک آوارہ کتا سڑک پر آ گیا۔ڈرائیور نے کتے کو بچانے کی کوشش میں گاڑی پر کنٹرول کھو دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی اور سخت ٹکر کے بعد بری طرح تباہ ہو گئی۔ شانتا کڑ بلاگی اور ایرانّا شیراسانگی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔مہانتیش بیلگی کو تشویشناک حالت میں کلبرگی کے نجی اسپتال پہنچایا گیا، مگر ڈاکٹر انہیں بچانے میں ناکام رہے۔موقع سے لی گئی تصاویر میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہوا نظر آتا ہے، جو حادثے کی شدت کو واضح کرتا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پی شانتنو سنہا، کلبرگی کے ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم اور دیگر سینئر اہلکار اسپتال پہنچے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، جس میں رفتار، سڑک کی حالت اور تکنیکی خرابی سمیت تمام زاویوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مہانتیش 27 مارچ 1974 کو پیدا ہوئے ،اور وہ 2012 بیچ، کرناٹک کیڈر کے افسر ہیں فی الحال وہ منیجنگ ڈائریکٹر، کرناٹک اسٹیٹ منرلز کارپوریشن کے عہدے پر فائز تھے ۔اس سے قبل وہ بیسکام کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے علاوہ داونگیرے اور اُڈپی سمیت مختلف اضلاع میں اہم انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں ۔انہیں ایک قابل، ایماندار اور مؤثر منتظم کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔
نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں اس واقعے کو ’’انتہائی دل خراش سانحہ‘‘ قرار دیتے ہوئے سماج اور سرکاری مشنری کے لیے بڑا نقصان بتایا۔