ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اسمبلی میں بائرے گوڈا کا طنز: حکومت پر حملے کے لیے مسئلہ نہ ملنا ہی بی جے پی کی سب سے بڑی مشکل

اسمبلی میں بائرے گوڈا کا طنز: حکومت پر حملے کے لیے مسئلہ نہ ملنا ہی بی جے پی کی سب سے بڑی مشکل

Tue, 09 Dec 2025 17:21:27    S O News

بیلگاوی ، 9/ دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر مالگزاری کرشنا بائرے گوڈا نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "حکومت کو گھیرنے کے لیے اپوزیشن کے پاس کوئی ٹھوس مسئلہ یا موضوع نہیں ملا — یہی ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے"۔

سُورنا ودھان سودھا میں اسمبلی اجلاس کے دوران حسبِ معمول پہلے وقفہ سوالات کا سلسلہ شروع ہونا تھا، لیکن قائدِ حزبِ اختلاف آر. اشوک اور ایم ایل اے ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے مطالبہ کیا کہ سوال و جواب سے پہلے شمالی کرناٹک کے مسائل پر فوری بحث کرائی جائے۔

جس پر کرشنا بائرے گوڈا نے اس مطالبے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کے مطابق سوال و جواب سے پہلے کوئی بحث نہیں ہوسکتی۔ حکومت نے خود ہی سوال و جواب کے بعد شمالی کرناٹک کے مسائل پر تفصیلی بحث کی تجویز پیش کی تھی، پھر بھی بی جے پی کو اعتراض کس بات پر ہے؟۔انہوں نے کہا کہ"جب بی جے پی کی حکومت تھی اور وِشویشور ہیگڑے کاگیری اسپیکر تھے، وہ خود کہتے تھے کہ وقفہ سوالات کے وقت کوئی بحث نہیں ہوگی۔ آج وہی اصول بی جے پی بھلا رہی ہے، یہ مناسب نہیں"۔

اسی دوران بی جے پی کے معطل رکنِ اسمبلی بسون گوڑا پاٹل یتنال نے بھی کہا کہ"کچھ لوگ اپنی انا کے لیے سوال و جواب کا وقت آگے بڑھانا چاہتے ہیں، یہ مناسب نہیں۔ ہر رکن کے اپنے حلقے سے متعلق اہم سوالات ہوتے ہیں۔ سوال و جواب کے بعد شمالی کرناٹک کے مسائل پر بحث ہو سکتی ہے"۔

ریاست کے سینئر وزیر ایچ کے پاٹل نے اپوزیشن کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ"ہمیں شمالی کرناٹک کے مسائل پر بحث سے کوئی اعتراض نہیں۔ یہ موضوع آج کے ایجنڈے میں پہلے ہی شامل ہے۔ سوال و جواب سے پہلے بحث شروع کرنا اسپیکر کی صوابدید ہے"۔

آخر میں اسپیکر یو ٹی قادر نے سوال و جواب کے سلسلے کو ترجیح دیتے ہوئے اجلاس آگے بڑھایا۔


Share: