ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دھارواڑ میں نوجوان خاتون کے قتل کا معمہ حل، پولس نے ملزم کو کیا گرفتار

دھارواڑ میں نوجوان خاتون کے قتل کا معمہ حل، پولس نے ملزم کو کیا گرفتار

Thu, 22 Jan 2026 23:16:49    S O News
دھارواڑ میں نوجوان خاتون کے قتل کا معمہ حل، پولس نے ملزم کو کیا گرفتار

دھارواڑ 22/جنوری (ایس او نیوز): دھارواڑ دیہی پولیس نے شہر کے مضافات میں نوجوان خاتون ذکیہ ملا کی لاش ملنے کے معاملے میں جمعرات کو ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ جس کی شناخت صابر ملا کے طور پر کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صابر ملا وہی شخص ہے جس سے ذکیہ کی شادی طے پانے والی تھی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے دھارواڑ کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گنجن آریہ نے بتایا کہ ذکیہ اور صابر نے ایک ہی کالج سے پیرا میڈیکل کی تعلیم حاصل کی تھی اور گزشتہ تین برسوں سے دونوں کے درمیان تعلقات تھے۔ دونوں خاندانوں کے درمیان شادی پر بات چیت بھی ہو چکی تھی اور آئندہ ماہ منگنی کی تاریخ طے تھی۔

پولیس کے مطابق ذکیہ کی جانب سے صابر کے دیگر خواتین سے قریبی تعلقات پر سوال اٹھانے کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے، جس کے باعث اکثر جھگڑے ہونے لگے۔ انہی تنازعات کے بعد 20 جنوری کو صابر مبینہ طور پر ذکیہ کو ایک سنسان مقام پر لے گیا اور گلا گھونٹ کر اس کا قتل کر دیا۔

معاملے میں اس وقت سنسنی خیز موڑ آیا جب قتل کے بعد خود ملزم صابر دھارواڑ ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچا اور ذکیہ کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کراتے ہوئے اس کی تلاش میں مدد کی درخواست کی۔ اس نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو بھی فون کر کے ذکیہ کے مبینہ طور پر گم ہونے کی اطلاع دی۔

بعد ازاں ذکیہ کی لاش دھارواڑ کے مضافاتی علاقے سے برآمد ہوئی، جس سے قتل کی تصدیق ہوئی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر صابر ملا کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ صابر  نے پہلے ایسے برتاؤ کیا جیسے اسے جرم کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہ ہو۔ تاہم اس کی حرکات و سکنات مشتبہ لگیں، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ دورانِ تفتیش صابر نے قتل کا اعتراف کر لیا۔


Share: