بنگلورو ، 29/ جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)موڈا (میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی) معاملے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کو بڑی قانونی راحت حاصل ہوئی ہے۔ عوامی نمائندوں سے متعلق خصوصی عدالت نے لوک آیکتہ پولیس کی جانب سے داخل کی گئی ’بی رپورٹ‘ کو منظور کر لیا ہے، جس کے بعد سدارامیا کو اس کیس میں کلین چٹ مل گئی ہے۔
عدالت کے اس فیصلے کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ پاروتی، مَلّیکارجن سوامی اور دیوراجو کو بھی بڑی راحت حاصل ہوئی ہے۔ تاہم عدالت نے واضح کیا ہے کہ کیس میں شامل دیگر ملزمان کے خلاف تفتیش کا عمل جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ لوک آیکتہ پولیس نے وزیر اعلیٰ سدارامیا، ان کی اہلیہ پاروتی سمیت چار افراد کے خلاف بی رپورٹ داخل کی تھی۔اس رپورٹ کو چیلنج کرتے ہوئے شکایت کنندہ سنیہمئی کرشنا نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے آج لوک آیکت کی بی رپورٹ کو قبول کر لیا۔قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کے لیے ایک اہم قانونی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، جس سے ان کی سیاسی اور انتظامی پوزیشن کو تقویت ملی ہے۔