نئی دہلی ، 26 /مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے ایل پی جی سلنڈر کی ری فل بُکنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بُکنگ کی مدت میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس میں پہلے سے جاری نظام ہی نافذ العمل ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں بالکل واضح اور دوٹوک انداز میں کہا کہ کچھ خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پردھان منتری اُجولا یوجنا کے تحت صارفین کے لئے 45 دن جبکہ نان اُجولا سنگل سلنڈر کنکشن کے لئے 25 دن اور ڈبل سلنڈر کے لئے 35 دن کی نئی مدت مقرر کی گئی ہے۔ وزارت نے ان تمام دعوئوں کو بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق موجودہ اصولوں کے تحت ایل پی جی ری فل بُکنگ کی مدت شہری علاقوں میں 25 دن اور دیہی علاقوں میں45 دن ہی ہے اور یہی اصول تمام اقسام کے کنکشن پر یکساں طور پر نافذ ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے کسی نئی پالیسی یا ترمیم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرمصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلائیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ گھبراہٹ میں غیر ضروری طور پر گیس سلنڈر کی بُکنگ کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ سپلائی کا نظام متاثر نہ ہو۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت کی صورتحال نہیں ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ریفائنریاں اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور سپلائی کا نظام پوری طرح مستحکم ہے۔
پیٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت کی مشترکہ سیکریٹری سجاتا شرما کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کا بھی خاطر خواہ ذخیرہ دستیاب ہے اور ایک لاکھ سے زائد پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پائپڈ نیچرل گیس کنکشن میں بھی تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے اور ایک ہی دن میں ہزاروں نئے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی سپلائی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واـضح رہے کہ حکومت کی وضاحت کے باوجود کئی شہروں میں کئی جگہوں پرایل پی جی ڈیلروں کی جانب سے یہ من مانی کی جارہی ہے اور نئے نئےاصول وضع کئے جارہے ہیںجس کی وجہ سے عام شہریوں کو زبردست پریشانی ہو رہی ہے۔