تہران، 16 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): ایران کی وزارت خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حالیہ دنوں میں ایران کے مختلف علاقوں پر کیے گئے تین حملوں میں 73 خواتین اور بچے ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان اسمعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ تہران کے چمران رہائشی کمپلیکس میں 20 بچوں کی موت ہوئی ہے، جب کہ 48 گھنٹوں بعد بھی کم از کم 10 بچے ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایران کی وزارت صحت نے کہا تھا کہ ان حملوں میں مجموعی طور پر تقریباً 1500 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 220 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ وزارت صحت کے اعلیٰ عہدیدار کرمان پور نے واضح کیا کہ متاثرین کی 90 فیصد سے زیادہ تعداد عام شہریوں پر مشتمل تھی۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کا آغاز صرف چند دن قبل ہوا تھا، لیکن اس مختصر مدت میں انسانی جان و مال کا بھاری نقصان ہو چکا ہے، جس نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے اس حملے کی آزادانہ تحقیقات اور شہریوں کے تحفظ پر زور دے رہے ہیں۔