ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، شریاس آئر کی شاندار اننگز

پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، شریاس آئر کی شاندار اننگز

Mon, 02 Jun 2025 11:11:41    S O News
پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، شریاس آئر کی شاندار اننگز

احمد آباد، 2 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): آئی پی ایل 2025 کے اہم مقابلے میں پنجاب کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ اب پنجاب کنگز کا مقابلہ 3 جون کو فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) سے ہوگا۔

اتوار کو احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 203 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ تاہم پنجاب کنگز نے مقررہ ہدف محض 19 اوورز میں حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔ شریاس آئر نے 41 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب پنجاب کنگز فائنل تک پہنچی ہے۔ اس سے قبل 2014 میں ٹیم نے فائنل کھیلا تھا جہاں اسے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی شروعات کچھ خاص نہیں رہی۔ اوپنر پربھسمرن سنگھ صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جب کہ پریانش آریہ 20 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ 72 رنز کے مجموعی اسکور پر پنجاب نے اپنے تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم، نہال وڈھیرا اور شریاس آئر نے چوتھی وکٹ کے لیے 84 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

وڈھیرا نے 29 گیندوں پر 48 رنز بنائے جبکہ شریاس آئر آخر تک ڈٹے رہے اور 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آئر کی قیادت میں پنجاب نے 11 سال بعد ایک بار پھر آئی پی ایل فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ شریاس آئر کا یہ بطور کپتان تیسرا آئی پی ایل فائنل ہے۔ 2020 میں انہوں نے دہلی کیپٹلس کو فائنل تک پہنچایا، 2024 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو چیمپئن بنایا، اور اب 2025 میں پنجاب کنگز کو فائنل تک لے آئے ہیں۔

آئی پی ایل 2025 کا فائنل میچ 3 جون کو آر سی بی اور پنجاب کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔


Share: