ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کوگِلو بستی کے مکینوں کو بنگلہ دیشی بتانے کے بی جے پی کے دعوے پر رامالنگا ریڈی کا سوال: کیا کر رہے ہیں مودی اور شاہ؟

کوگِلو بستی کے مکینوں کو بنگلہ دیشی بتانے کے بی جے پی کے دعوے پر رامالنگا ریڈی کا سوال: کیا کر رہے ہیں مودی اور شاہ؟

Sun, 04 Jan 2026 00:24:22    S O News
کوگِلو بستی کے مکینوں کو بنگلہ دیشی بتانے کے بی جے پی کے دعوے پر رامالنگا ریڈی کا سوال: کیا کر رہے ہیں مودی اور شاہ؟

کولار 3 جنوری (ایس او نیوز): ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ رامالنگا ریڈی نے بی جے پی کے اس دعوے پر سخت سوال اٹھایا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ بنگلورو شمال کے قریب واقع کوگِلو بستی میں رہنے والے افراد بنگلہ دیشی شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر مرکزی حکومت کیا کر رہی ہے؟

کولار کے مالور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رامالنگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کوگِلو بستی سے بے دخل کیے گئے افراد غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکینِ وطن ہیں، تو پھر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ اگر یہ لوگ بنگلہ دیش سے غیر قانونی طور پر آئے ہیں تو اب تک انہیں ہندوستان میں داخل ہونے کی اجازت کیوں دی گئی؟

ریڈی نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی غیر قانونی بنگلہ دیشی ہیں تو انہیں گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے۔ تاہم اگر وہ اسی ریاست یا پڑوسی ریاستوں کے باشندے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اہل افراد کو رہائش فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بنگلورو کے اطراف بی جے پی کے اراکینِ اسمبلی نے زمین الاٹمنٹ کمیٹی کے ذریعے ہزاروں ایکڑ اراضی اپنے کارکنوں میں تقسیم کی ہے۔ رامالنگا ریڈی نے کہا کہ اگر اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرائی جائے تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔


Share: