احمد آباد، 4 جون (ایس او نیوز / ایجنسی):آخر کار رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کا 17 سالہ طویل انتظار ختم ہو گیا اور ٹیم نے پہلی بار آئی پی ایل چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس تاریخی جیت کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی کا خواب بھی شرمندۂ تعبیر ہو گیا، جو ابتدا سے ہی بنگلورو کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں 3 جون کو کھیلے گئے فائنل میں بنگلورو نے پنجاب کنگز کو 6 رنوں سے شکست دے کر آئی پی ایل 2025 کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ کپتان رجت پاٹیدار کی قیادت میں کھیلی گئی اس تاریخی جیت میں کرونال پانڈیا، یش دیال اور بھونیشور کمار کی بہترین گیندبازی نے اہم کردار ادا کیا۔
پنجاب کے کپتان شریئس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلورو کی شروعات متاثر کن نہیں رہی، لیکن بیٹنگ لائن نے رنوں کی رفتار کو برقرار رکھا۔ فل سالٹ صرف 16 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کوہلی نے 35 گیندوں پر 43 رن بنائے اور بدقسمتی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔ کپتان رجت پاٹیدار (26)، لیونگسٹن (25)، جیتیش شرما (24) اور روماریو شیفرڈ (17) نے مختصر مگر تیز اننگز کھیلیں، جس کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 190 رن بنائے۔
پنجاب کی طرف سے ارشدیپ سنگھ اور کائل جیمسن نے 3-3 وکٹ حاصل کیے، لیکن دونوں کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ دیگر گیندبازوں عمرزئی، ویشاک اور چہل نے 1-1 وکٹ حاصل کیا۔
190 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پنجاب کی ٹیم نے بھی مضبوط شروعات کی۔ پریانش آریہ (24)، پربھ سمرن سنگھ (26) اور جوش انگلس (39) نے اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن کپتان شریئس ایر صرف 1 رن پر آؤٹ ہو گئے۔ نیہال وڈھیرا (15) بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ششانک سنگھ نے آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنایا۔ انہوں نے 30 گیندوں پر شاندار 61 رن بنائے، مگر آخری اوور میں درکار 29 رنوں میں سے صرف 22 ہی بن سکے اور پنجاب کو 6 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلورو کے کرونال پانڈیا نے 17 رن دے کر 2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ یش دیال نے 18 رن دے کر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھونیشور کمار نے بھی دو قیمتی وکٹیں حاصل کیں، اگرچہ انھوں نے 38 رن دے ڈالے۔ جوش ہیزل ووڈ مہنگے ثابت ہوئے اور 4 اوورز میں 54 رن دے کر صرف 1 وکٹ حاصل کر پائے۔ آخری اوور میں ششانک کے ہاتھوں 22 رن پڑے۔ روماریو شیفرڈ کو بھی 1 وکٹ ملا۔
یہ جیت وراٹ کوہلی کے لیے خاص رہی، جو گزشتہ 17 سیزن سے بنگلورو کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ میچ کے اختتام پر وہ انتہائی جذباتی نظر آئے، ان کی آنکھیں نم تھیں اور وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ شائقین نے بھی اس لمحے کو تاریخی قرار دیا، کیونکہ کوہلی کے چاہنے والوں کے لیے یہ صرف ایک جیت نہیں، بلکہ ان کے صبر، محنت اور خلوص کا انعام تھا۔
اس طرح آئی پی ایل 2025 کا فائنل ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلے کے بعد بنگلورو کے نام رہا، جس نے ثابت کر دیا کہ وقت کے ساتھ مستقل مزاجی کامیابی کا راستہ دکھاتی ہے۔