ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / شارجہ: آبِ زم زم کے نام پر عام پانی فروخت کرنے والا جعلساز گرفتار، رہائشی گھر میں قائم غیر قانونی فیکٹری بے نقاب

شارجہ: آبِ زم زم کے نام پر عام پانی فروخت کرنے والا جعلساز گرفتار، رہائشی گھر میں قائم غیر قانونی فیکٹری بے نقاب

Thu, 29 May 2025 12:56:37    S O News

شارجہ، 29/ مئی  (ایس او  نیوز /ایجنسیز): متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں حکام نے ایک رہائشی گھر میں قائم غیر قانونی فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے آبِ زم زم کے نام پر عام پانی فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق، شارجہ سٹی میونسپلٹی نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مقام پر چھاپہ مارا، جہاں ٹینک کا عام پانی پلاسٹک کی بوتلوں میں بھر کر آبِ زم زم کے لیبل لگا کر فروخت کیا جا رہا تھا۔ یہ رہائش گاہ غیر قانونی طور پر ایک جعلی فیکٹری میں تبدیل کی گئی تھی جہاں پانی کو انتہائی غیر صحت بخش حالات میں بوتلوں میں بھرا جا رہا تھا۔

حکام نے بتایا کہ یہ جعلساز مذکورہ بوتلیں سوشل میڈیا کے ذریعے مہنگے داموں فروخت کر رہا تھا۔ چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں زم زم کے لیبل والی بوتلیں، کارٹن اور دیگر متعلقہ مواد برآمد کیا گیا۔

میونسپلٹی کے مطابق یہ کارروائی معمول کی انسپکشن مہم کے دوران عمل میں آئی، جب حکام کو ایک رہائشی مقام سے بڑی مقدار میں پانی کی بوتلیں لوڈ کیے جانے پر شبہ ہوا۔ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم ٹینکی کے عام پانی کو زمزم کے طور پر پیک کر کے گمراہ کن طریقے سے بیچ رہا تھا۔

بلدیہ شارجہ نے مزید قانونی کارروائی کے لیے یہ کیس پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوام کو صحت اور ایمان کے نام پر دھوکہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔


Share: