بنگلورو، 18 جنوری (ایس او نیوز / رضوان اللہ خان):الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر شہر بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) کے عمل کو خاموشی سے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ مقامی بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او) کے ذریعے ووٹروں کی میپنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کا آدھے سے زیادہ کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ بنگلورو شہر میں ووٹر شناختی کارڈوں کی میپنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جن ووٹروں کے نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں شامل ہیں، وہ اس کی تفصیلات مقامی بی ایل او کو فراہم کر کے اپنی میپنگ کروا سکتے ہیں، جبکہ وہ ووٹر جن کے نام 2002 کی فہرست میں شامل نہیں ہیں یا جنہوں نے 2002 کے بعد ووٹر کے طور پر اندراج کروایا ہے، وہ اپنے آبا و اجداد کی تفصیلات فراہم کر کے میپنگ کروا سکتے ہیں۔
افسروں نے بتایا کہ عوامی معلومات کے لیے 2002 کی ووٹر لسٹ چیف الیکٹورل آفیسر کی سرکاری ویب سائٹ https://ceo.karnataka.gov.in/voter_list پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔ بی ایل او گھر گھر جا کر ووٹروں کے شناختی کارڈوں کی جانچ کریں گے اور 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ ریکارڈ کا موازنہ کریں گے۔
بی ایل او کے گھریلو دورے کے دوران ووٹروں کو کیو آر کوڈ والے دو فارم فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے ووٹروں سے مطلوبہ معلومات حاصل کی جائیں گی۔ ان میں سے ایک فارم بی ایل او دستخط کر کے ووٹر کو دیں گے، جبکہ دوسرا فارم چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو روانہ کیا جائے گا۔ اگر کسی ووٹر کا نام ایک سے زائد حلقوں کی ووٹر لسٹ میں درج پایا گیا تو فوٹو اسکیننگ سافٹ ویئر کے ذریعے از خود ایک اندراج حذف کر دیا جائے گا۔
افسروں نے مزید بتایا کہ اگر کسی ووٹر شناختی کارڈ میں تصویر غیر واضح ہو تو متعلقہ ووٹر سے کہا جائے گا کہ وہ مقررہ فارم کے ساتھ نئی تصویر فراہم کرے۔ اس وقت ریاست میں ووٹر شناختی کارڈوں کی میپنگ کا تقریباً 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
چونکہ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے پاس اس عمل کے لیے مطلوبہ عملہ دستیاب نہیں تھا، اس لیے ریاستی حکومت نے مختلف محکموں سے افسران اور عملے کو اس کام کے لیے تعینات کیا ہے۔ واضح رہے کہ ووٹر شناختی کارڈوں کی یہ میپنگ ریاستی حکومت کی جانب سے یکم جنوری 2025 کو جاری کی گئی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔