ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو کے قریب سورتکل اور بنٹوال میں ہوئے دو مختلف سڑک حادثات میں چھ افراد ہلاک، کئی زخمی

منگلورو کے قریب سورتکل اور بنٹوال میں ہوئے دو مختلف سڑک حادثات میں چھ افراد ہلاک، کئی زخمی

Sat, 15 Nov 2025 18:32:01    S O News
منگلورو کے قریب سورتکل اور بنٹوال میں ہوئے  دو  مختلف سڑک حادثات میں چھ افراد ہلاک، کئی زخمی

مینگلورو 15/نومبر (ایس او نیوز) : منگلورو کے قریب ہفتہ کی صبح چند گھنٹوں کے اندر پیش آئے دو الگ الگ خوفناک سڑک حادثات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض  کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پہلا حادثہ بی سی روڈ (بنٹوال تعلقہ) میں پیش آیا، جبکہ دوسرا حادثہ  سورتکل  پولس تھانہ حدود کے  پنمبور میں پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق بی سی روڈ کے  مینگلور۔بینگلور نیشنل ہائی وے   پرصبح 4:40 بجے حادثہ  اس وقت پیش آیا جب ایک انووا کار، جو بنگلورو سے اُڈپی کے سری کرشنا مٹھ کی طرف جارہی تھی، ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر نارائن گرو (این جی) سرکل پر تیز رفتاری سے ٹکراگئی۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی مکمل طور پر چکناچور ہوگئی۔ جبکہ  ایک شخص  نے موقع پر ہی دم توڑ  دیا ، جبکہ دو دیگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت روی (64)، رمیا (23) اور نانجمّا (75) کے طور پر ہوئی ہے، جو تینوں بنگلورو کے پینیا علاقے کے رہائشی تھے۔ چھ دیگر افراد — جن میں کیرتی، سُشیلا، بندو اور پرشانت شامل ہیں — کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پتہ چلا ہے کہ  نو رشتہ دار اس گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ ڈرائیور سبرامنیا اور ایک اور مسافر کرن کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں  اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حادثہ این جی سرکل کے ’غیر سائنسی‘ ڈیزائن کی وجہ سے پیش آیا، جو بی سی روڈ–اڈاہولے ہائی وے کی تعمیراتی کاموں کے دوران نیا بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ نئے سرکل میں پیش آنے والا پہلا بڑا حادثہ ہے۔

bantwal-accident

ٹریفک سب انسپکٹر سُوتیش اور بنٹوال ٹریفک پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا۔

بنٹوال حادثے کے چند گھنٹوں بعد ہی ایک اور خوفناک حادثہ پنمبور سگنل کے قریب پیش آیا، جہاں ایک آٹو رکشا دو ٹینکر لاریوں کے درمیان کچل کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں آٹو میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سگنل پر گاڑیاں رکی ہوئی تھیں— سب سے آگے ایک ٹینکر، اس کے پیچھے ایک کار، اور پھر ایک آٹو رکشا۔ اس دوران پیچھے سے تیز رفتاری  سے آنے والے ایک ٹینکر نے آٹو رکشا اور کار کو زور سے ٹکر ماری پھر آٹو کو اپنے ساتھ گھسیٹتے ہوئے  ؎آگے موجود ٹینکر سے ٹکراگیا، جس کے نتیجے میں آٹو دو ٹینکروں کے درمیان  دب کر بری طرح کچل گیا۔

panambur-accident-1

ہلاک ہونے والوں کی شناخت اُلال کے رہائشی آٹو ڈرائیور  معی الدین کنہی (25)،  اور کوناجے کے رہائشی دو مسافر ابو بکر (65) اور ابراہیم (68) کے طور پر ہوئی ہے۔

حادثے کے باعث  سڑک پر  ٹریفک جام لگ گیا، جسے  بعد میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر بحال کیا۔

Click here for report in English


Share: