ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / غزہ کے لیے عالمی مارچ: 54 ممالک کے ہزاروں افراد کی شرکت، قافلہ رفح سرحد کی جانب رواں دواں

غزہ کے لیے عالمی مارچ: 54 ممالک کے ہزاروں افراد کی شرکت، قافلہ رفح سرحد کی جانب رواں دواں

Tue, 10 Jun 2025 11:04:33    S O News

تیونیشیا ،10/جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  ایسے وقت میں جبکہ   اسرائیل  نے غزہ فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے بحری جہاز ’’میڈلین‘‘ کو قبضے میں لے لیا  ہے، دنیا بھر سے ہزاروں افراد ’’غزہ کیلئے گلوبل مارچ‘‘ شروع کر رہے ہیں۔اس کیلئے پہلا قافلہ تیونیشیا سے نکل چکا ہے۔ دنیا کےمختلف ممالک سےنکلنے والے وفود   مصر پہنچ کر اسرائیل کی ناکہ بندی  کے خلاف رفح کراسنگ پر اکٹھا ہوں گے۔

عالمی مارچ کے ذمہ داران میں شامل یپینگ گے نے ۷؍ جون کی صبح کئے گئے ایک پوسٹ میں اطلاع دی ہے کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی حکومت   کے مظالم کے خلاف اس پرامن مارچ میں ۵۴؍ ممالک کے وفود نے  شرکت  کا فیصلہ کیا ہے۔  ان میں  آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کنیڈا، ایل سیلواڈور، گواتیمالا،میکسیکو،امریکہ، آسٹریا، بلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ،  فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدر لینڈ، ناروے،  پرتگال، سلوواکیہ، سلوینیا، اسپین، سویڈن، سوئزر لینڈ، برطانیہ، بحرین، ارجنٹائینا،  برازیل، چِلی، کولمبیا، پیرو،پورٹو ریکو، ہندوستان، جاپان، اردن، لبنان،ملیشیا،عمان، پاکستان،   ترکی، متحدہ عرب امارات، ویتنام، الجیریا،  مصر، مراکش، سنیگال، جنوبی افریقہ، تیونیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

ہرملک کاوفدمصر میں اپنے ملک کے سفارتخانہ سے رابطےمیں  ہے۔  جن ۵۴؍ ممالک کے شہریوں نے مارچ میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے ان میں سے ۲؍ ملکوں نے اپنےشہریوں کو اس کی اجازت دینےاور قاہرہ پہنچنے پر ان کی کسی طرح کی مدد کرنےسے انکار کردیاہے۔

 ’گلوبل مارچ ٹو غزہ‘ کے عنوان سے جاری کئے گئے بیان میں کہاگیا ہے کہ ’’ہمیں امید ہے کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے  عالمی شہریوں کی اس مثبت کوشش میں مصران کا ساتھ دے گا۔‘‘ یہ بھی واضح کردیاگیاہے کہ ’’ہمارا مقصد (محاصرہ توڑ کر )غزہ میں داخل ہونےکا نہیں  ہے بلکہ ہم وہاں  پوری دنیا کی  توجہ مبذول کرانے  اور یہ یقینی بنانے کیلئے اکٹھا ہور ہے ہیں کہ محاصرہ ختم ہواور غزہ کیلئے تمام کراسنگ کھول دی جائیں۔ہم چاہتے ہیں کہ جو لوگ  غذا،پانی اور ادویات کی ہنگامی ضرورت کا شکار ہیں،انہیں یہ چیزیں فراہم کی جائیں۔

تیونس سے پہلا قافلہ پیر (۹؍ جون) کو سڑک کےراستےمصر کیلئےنکل چکا ہے۔ یہ وفد دیگر ممالک سے قاہرہ پہنچنے والے وفود کے ساتھ غزہ  کی رفح کراسنگ تک  مارچ کرے گا۔ تیونیشیا میں فلسطین کیلئے کام کرنے وا لی تنظیم’’پیل ایکشن  تیونیشیا‘‘  کے بانی ٹبس نے غزہ کیلئے گلوبل مارچ کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہم پوری  طرح تیارہیں۔ صرف تیونس سے۷؍ ہزار افراد نے اس مارچ کا حصہ بننےکیلئے رجسٹریشن کروایا ہے۔ ان میں سے ۲۵۰۰؍ نے  اپنی شمولیت کی تصدیق کی ہے۔‘‘

انہوںنے کہا کہ ’’ہمیں توقع ہے کہ جب ہم رفح   سرحد پر پہنچیں گے تومختلف ممالک سے پہنچنے  والے شرکاء کی تعداد ۱۰؍ ہزار  سے تجاوز کر چکی ہوگی۔‘‘   انہوں نےبتایا کہ ’’ یہ  ایک ایسی پرامن  بین الاقوامی عوامی تحریک ہے جس کی مثال گزشتہ  چند  برسوں  میں تو نظر نہیں آتی۔‘‘

’’جوائنٹ ایکشن کوآرڈ نیشن فار فلسطین اِن تیونس‘‘نے اعلان کیا  ہےکہ  ’’  یہ قافلہ محصور فلسطینی عوام کیلئے اظہار  یکجہتی  کے ساتھ ہی ان کو امداد بھی فراہم کرے گا۔‘‘ ٹبس نے بتایا کہ وہ لوگ تیونس سے کاروں  کے ذریعہ سفرکرتے ہوئے پہلے  لیبیا میں  داخل ہوں گے اور وہاں سے ۱۳؍ جون تک قاہرہ پہنچیں گے۔ یہاں  دنیا بھر سے آنےوالے وفود ایک ساتھ  العریش اور رفح کی جانب روانہ ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایاکہ’’یہ راستہ سہولت،  سیکوریٹی اور گلوبل مارچ ٹو غزہ  اور فریڈم فلوٹیلا اتحاد  جیسی علاقائی تحریکوں  کےساتھ رابطہ میں رہ کر طے کیاگیاہے۔‘‘یہ شاید پہلا موقع ہے کہ غزہ کا اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلئے اس نوعیت کا عالمی مارچ  ہوہا ہے۔

 ہندوستان سے بھی ایک چھوٹا قافلہ  اس عالمی مارچ میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتاہے ۔ ممبئی  میں  رہنےوالی  ثنا سید غزہ گلوبل مارچ کیلئے ہندوستان میں رابطہ کار کے طو رپر کام کررہی ہیں۔   انہوں نے  مکتوب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہےکہ’’ یہ انسانیت کی طرف ایک اہم قدم ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ۷؍ اکتوبر کے حملے کے بعد  دنیا بھر میں غلط فہمی انتشار پھیل گیاتھا لیکن وقت کے ساتھ  واضح ہو گیا ہے کہ اسرائیل معصوم  فلسطینیوں کی  نسل کشی کر رہا ہے۔


Share: