ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / یورپی شہروں میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر مظاہرے

یورپی شہروں میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے بڑے پیمانے پر مظاہرے

Sun, 01 Feb 2026 17:17:37    S O News

لندن   ، یکم فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)سنیچر کو یورپ بھر میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ فلسطین کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے، اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کے باوجود غزہ پٹی پر جاری حملوں کے خلاف احتجاج کیا اور یورپی حکومتوں سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔برطانیہ میں، ہزاروں کی تعداد میں فلسطین حمایت مظاہرین لندن کے رسل اسکوائر میں جمع ہوئے، اس کے بعد وہ وہائٹ ہال کی طرف مارچ کر گئے، جہاں۱۰؍ ڈاؤننگ اسٹریٹ پر وزیر اعظم کے دفتر اور دیگر اہم حکومتی عمارتیں واقع ہیں۔یہ قومی مارچ اس احتجاج کے طور پر منعقد کیا گیا جسے مظاہرین نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے جاری نسل کشی کے طور پر بیان کیا۔مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور برطانوی حکومت پر اسرائیل کو اسلحہ برآمدات جاری رکھنے پر تنقید کی۔

بعد ازاں فلسطینی پرچم اور بینر لہراتے ہوئے، مظاہرین نے اسرائیل اور برطانوی حکومت کے خلاف نعرے لگائے، برطانوی حکام، سرکاری اداروں اور کمپنیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ان اقدامات کی حمایت واپس لیں، جو ان کے بقول بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان زارہ سلطانہ اور جان میکڈونل، ساتھ ہی برطانوی-فلسطینی ڈاکٹر غسان ابو ستہ، جنہوں نے غزہ میں کام کیا ہے  مارچ میں شامل ہوئے۔تاہم اسرائیل حمایت میں مظاہرین کے ایک چھوٹے گروپ نے مارچ کے راستے میں اس کے مخالف احتجاج کیا، اسرائیلی اور برطانوی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل نواز مظاہرین نے فلسطین حامی مظاہرین کو للکارنے کی کوشش کی۔اسی دوران، سویڈن میں، سینکڑوں مظاہرین دارالحکومت اسٹاک ہوم میں جمع ہوئے، غزہ پر اسرائیلی حملوں اور انسان دوست امداد پر پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔یہ احتجاج، جسے کئی سول سوسائٹی گروپوں نے منظم کیا، اوڈن پلان اسکوائر پر ہوا۔مظاہرین نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ غزہ پر فضائی حملے جاری رکھ کر اور انسان دوست امداد کی داخلے پر پابندیاں لگا کر، وہ۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ءء سے نافذ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے،۔

مظاہرین کے بینرز پر لکھا تھا،’’غزہ میں بچے مارے جا رہے ہیں،‘‘’’اسکولوں اوراسپتالوں پر بمباری کی جا رہی ہے،‘‘ ’’غزہ پر حملے بند کرو،‘‘’’خوراک پر پابندیاں ختم کرو،‘‘ اور ’’اسرائیل کو امن معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔‘‘مظاہرین نے اسرائیل کے حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا اور سویڈش حکومت سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت بند کرنے کی اپیل کی۔انادولو سے بات کرتے ہوئے، سویڈش کارکن  لاسے ایڈاسٹیٹ نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا ایک اخلاقی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ غزہ میڈیا آفس کے مطابق، جنگ بندی کے اکتوبر کے شروع میں نافذ ہونے کے بعد سے، اسرائیل نے۵۲۴؍ فلسطینیوں کو ہلاک اور۱۳۶۰؍ کو زخمی کیا ہے، اس کے علاوہ ۱۴۵۰؍ امن معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔


Share: