اُڈپی، یکم فروری (ایس او نیوز) کوٹا پولیس اسٹیشن کے حدود میں کوڈی بینگرے کے قریب سوورنا ندی میں سیاحتی کشتی ڈوبنے اور تین سیاحوں کی موت کا جو حادثہ پیش آیا تھا اس ضمن میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت کوڈی بینگرے کے رہائشی سہاس شریاس (23 سال)، سفیان (20 سال) اور واسو مینڈن (52 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
غرقاب ہوئی کشتی میں سفر کر رہے میسورو کے گروپرساد نامی ایک سیاح کی جانب سے پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق 26 جنوری کی صبح 10.45 بجے ملزم سہاس نے انہیں دریا میں سیاحتی سفر پر روانہ کیا ۔ ایک کشتی میں 14 اور دوسری کشتی میں 15 مسافر سیاح تھے ۔ جب شکایت کنندہ اور دیگر لوگ "دی ویو رائڈر" نامی کشتی پر سفر کر رہے تھے تو تقریباً 11.15 بجے کوڈی بینگرے کے قریب کشتی چلانے والے سفیان اور واسو نے انتہائی لا پروائی سے کشتی کو موڑ دیا جس سے اس کا توازن بگڑ گیا اور کشتی پانی میں غرقاب ہوگئی ۔
اس کے نتیجے میں کشتی پر سوار تمام 14 سیاح پانی میں گر گئے ۔ ان میں سے شنکرپّا، سندھو اور دیشا نامی سیاحوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ بقیہ مسافروں کی جان بال بال بچ گئی ۔
اس شکایت کی بنیاد پر پولیس نے کیس درج کر لیا اور تحقیقات کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے محکمہ سیاحت سے کشتیاں چلانے کے لئے ضروری اجازت نامہ حاصل نہیں کیا تھا ۔ سیاحتی سرگرمیوں کے لئے کشتیوں کے موزوں ہونے کے تعلق سے 'فٹنس سرٹفکیٹ' بھی موجود نہیں تھا ۔ اس کے علاوہ مسافروں کو لائف جیکیٹس کی فراہمی سمیت دیگر حفاظتی انتظامات بھی موجود نہیں تھے ۔
یہ معاملہ پہلے ملپے پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا ، لیکن چونکہ حادثہ کوٹا کے حدود میں پیش آیا تھا اس لئے اسے بعد میں کوٹا پولیس اسٹیشن میں منتقل کیا گیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔