میسورو، 10 / فروری (ایس او نیوز)اُتر پردیش کے پریاگ راج میں گذشتہ کئی دنوں سے ساری دنیا سے لوگ کمبھ میلے میں ڈبگی لگانے کے لئےپہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس طرح اب کمبھ میلہ کرناٹک کے میسورو ضلع کے ٹی نرسیپور میں بھی گذشتہ 3 دنوں سے جاری ہے۔ جس میں ریاست کے مختلف علاقوں سے لوگوں ڈبگی لگانے کے لئے میلے میں شریک ہورہے ہیں۔ یہ میلہ جنوبی ہند کا کمبھ میلہ کے نام سے مشہور ہورہا ہے ۔
ٹی نرسیپور کی دکشن کاشی تیروموکوڈال میں واقع تروینی سنگم میں ہندو روایات کے مطابق ڈبکی لگانے کے لئے منعقد ہونے والا کمبھ میلہ کا آغاز 10 فروری سے شروع ہوا جو 13 فروری تک چلے گا ۔
میلے کا افتتاح مقامی ایم ایل اے اور ضلع انچارج وزیر ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپّا نے کیا ۔ شمالی ہند کے پریاگ راج، ہریدوار، اجین یا مہاراشٹرا کے ناسک میں ہونے والے کمبھ میلہ میں شریک ہونے سے قاصر بھکتوں کے لئے جنوبی ہند کا یہ کمبھ میلہ بعض ہندو مذہبی پیشواوں کی طرف سے 1989 میں شروع کیا گیا تھا ۔
ہندو روایات کے مطابق جنوبی ہند کے مشہور ندی کاویری، کپیلا اور گپت گامینی کا تروینی سنگم شمالی ہند کے گنگا کی طرح مقدس مانا جارہا ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ تیروموکوڈال کے کمبھ میلے میں لاکھوں بھکت شریک ہونگے اور ان کے عقیدے کے مطابق 12 فروری کو انتہائی مقدس دن ہونے کی وجہ سے سنگم میں ڈبکی لگانے والوں کی تعداد اس دن بہت زیادہ ہوگی ۔
بتایا جاتا ہے کہ چھ سال بعد یہ کمبھ میلہ منعقد ہوا ہے ۔ حکومت اور ضلع انتظامیہ نے سنگم کے اطراف غوطہ خوروں اور فائر سروس عملے کی تعیناتی سمیت تما م ضروری انتظامات کیے ہیں ۔