دبئی، 13 جنوری (ایس اونیوز) دبئی کے قریب عجمان میں جاری بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے اتوار، 11 جنوری کو شائقینِ کرکٹ کو ایک سے بڑھ کر ایک سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، جن میں آخری میچ فیصلہ کن لمحات تک انتہائی دلچسپ رہا۔
ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں رائزنگ اسٹارس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی وی ایس یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈی وی ایس یونائیٹڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر 126 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ عبدالحمید نے 49 جبکہ نبیل خان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں رائزنگ اسٹارس نے 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔ محتصم نے صرف 28 گیندوں پر جارحانہ 40 اور اریب گوائی نے 34 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوسرے میچ میں اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرز نے ایک ہائی اسکورنگ مقابلے میں لکژری زون ٹائٹنز کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔ لکژری زون ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے، جس میں نعمان طاہرہ کی 36 گیندوں پر شاندار 80 رنز کی اننگز نمایاں رہی۔ جواب میں اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرز نے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔ عبدالباقی نے 31 گیندوں پر 50 اور محمد علی نے 31 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں ٹی ٹو پارٹی آفیشلز نے رکن الدین برادرز چارجرس کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ رکن الدین برادرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے محض 15 اووروں میں 130 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ ٹی ٹو پارٹی آفیشلز نے یہ ہدف سولہویں اوور میں ہی باآسانی حاصل کرلیا۔ عبدالخالق پلور نے شاندار 61 اور عبدالقوی موٹیا نے 53 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔ اس سے قبل شمعون شاہ بندری نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اووروں میں صرف 17 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ انس مُلّا نے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا۔
ٹورنامنٹ کا آٹھواں اور دن کا آخری میچ رس بہار چیلنجرس اور ڈاکٹر حنیف وارئیرس کے درمیان کھیلا گیا، جو آخری لمحات تک انتہائی سنسنی خیز رہا۔ ڈاکٹر حنیف وارئیرس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ جواب میں رس بہار چیلنجرس نے شاندار مزاحمت اور جرات مندانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہارتی ہوئی بازی پلٹ دی۔ ٹیم کے دو کھلاڑی اسماعیل نمایاں رہے، جن میں ایک نے 48 اور دوسرے نے 45 رنز اسکور کیے، جبکہ محمد فویض کریمی نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ رس بہار چیلنجرس نے بیسویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا کر یہ مقابلہ تین وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
بی پی ایل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں ان سنسنی خیز مقابلوں نے شائقینِ کرکٹ کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کردیا ہے، جبکہ آئندہ میچز سے بھی مزید دلچسپ مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔