بھٹکل، 16 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹکا اردو اکیڈیمی کی جانب سے شہر کے آمنہ پیلیس میں شاندار عید ملن و قومی یکجہتی مشاعرہ منعقد کیا گیا، جس میں مدعو مہمان اور میزبان شعراء نے اپنے خوبصورت کلام کا جادو جگایا۔ اس موقع پر ایس ایس ایل سی میں اردو زبان کے مضمون میں صد فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کو توصیفی اسناد کے ساتھ فی کس ایک ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
جناب ڈاکٹر انیس صدیقی اور شریف احمد شریف کی کنوینرشپ میں منعقدہ اس پروگرام کی پہلی کڑی کے طور پر مشاعرے سے قبل چیئرمین اردو اکیڈیمی کی صدارت میں افتتاحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف فرما تحصیلدار ناگیندرا کولشیٹی نے پودے کو پانی دے کر پروگرام کا رسمی افتتاح کیا۔ پی ایس آئی نوین کے علاوہ شہر کے تعلیمی و سماجی اداروں کے ذمہ داران اور معززین، بالخصوص جناب عنایت اللہ شاہ بندری اور مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے شرکت کرتے ہوئے اس موقع پر مختصراً اپنے تاثرات پیش کیے اور کرناٹکا اردو اکیڈیمی کی سرگرمیوں اور خدمات کو سراہا۔
صدارتی خطاب کے دوران چیئرمین کرناٹکا اردو اکیڈیمی مولانا مفتی محمد علی صاحب نے اردو کے فروغ اور اس کے ذریعے قومی یکجہتی و ہم آہنگی کے حوالے سے اکیڈیمی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے تحصیلدار سے گزارش کی کہ حکومت کی جانب سے مناسب جگہ کی فراہمی میں تعاون کیا جائے تاکہ بھٹکل میں اردو بھون کی تعمیر کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوسرے دور میں چیئرمین کرناٹکا اردو اکیڈیمی مولانا مفتی محمد علی کی صدارت اور معروف شاعر سردار سلیم (حیدرآباد) کی نظامت میں مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں مہمان شعراء کے طور پر پروفیسر قدیر ناظم، پروفیسر ریاض محمود، ڈاکٹر داؤد محسن، ڈاکٹر ناطق علی پوری، جناب انور خان، جناب شیخ حبیب، جناب احمد باشا ساغر، جناب شریف احمد شریف، جناب اسلم بنارسی، جناب تنویر احمد عظیم، جناب سردار سلیم، جناب سراج شولاپوری اور جناب رفیق سرور نے شرکت کی، جبکہ مقامی شعراء میں جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب، جناب اقبال سعیدی، جناب ابن حسن، مولانا سمعان خلیفہ ندوی اور سہیل عرشی نے سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا۔