ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / بنگلورو بھگدڑ سانحہ: ویراٹ کوہلی، سچن ٹنڈولکر اور دیگر کرکٹرز کا اظہار افسوس، حکومت کا معاوضے کا اعلان

بنگلورو بھگدڑ سانحہ: ویراٹ کوہلی، سچن ٹنڈولکر اور دیگر کرکٹرز کا اظہار افسوس، حکومت کا معاوضے کا اعلان

Thu, 05 Jun 2025 13:38:14    S O News

بنگلورو،  5 / جون (ایس او نیوز):  بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر بدھ کے روز پیش آئے افسوسناک بھگدڑ کے واقعے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 33 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی آئی پی ایل 2025 جیت کا جشن منانے کے لیے ہزاروں کرکٹ شائقین اسٹیڈیم کے اطراف جمع ہو گئے تھے۔

اس افسوسناک حادثے پر آر سی بی کے اسٹار کھلاڑی ویراٹ کوہلی نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں مکمل طور پر ٹوٹ گیا ہوں، میرے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔" ٹیم نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کی سلامتی ان کے لیے اولین ترجیح ہے، اور یہ کہ انہوں نے فوری طور پر اپنا شیڈول مقامی انتظامیہ کے مشورے کے مطابق تبدیل کر دیا۔

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واقعے کو ’غیر متوقع حادثہ‘ قرار دیا اور مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 10-10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ زخمیوں کا مفت علاج کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی گنجائش 35 ہزار تھی، لیکن باہر اندازاً 3 تا 4 لاکھ افراد کا ہجوم تھا، جس نے دروازے توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، اور اس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔

سانحے پر ملک بھر کے کرکٹرز نے شدید دکھ کا اظہار کیا۔ سچن ٹنڈولکر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ بنگلورو میں پیش آنے والا واقعہ صرف افسوسناک ہی نہیں بلکہ ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کی ہمدردیاں تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ہر بھجن سنگھ نے اسے کھیل کی روح پر ایک ’سیاہ دھبہ‘ قرار دیا اور کہا کہ اس واقعے میں کئی کرکٹ شائقین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے کہا کہ مداح ہماری زندگی کا حصہ ہیں، اور ان کی المناک اموات دل دہلا دینے والی ہیں۔ شکھر دھون نے بھی واقعے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ٹوٹ گیا ہے اور وہ دعا گو ہیں کہ سب محفوظ رہیں۔

وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے زخمیوں کی عیادت کے لیے بورنگ اسپتال کا دورہ بھی کیا۔ حکومت نے واقعے کی مکمل تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔


Share: