ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / عام آدمی پارٹی کو نیا دھچکا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے چچیرے بھائی گیان سنگھ مان بی جے پی میں شامل

عام آدمی پارٹی کو نیا دھچکا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے چچیرے بھائی گیان سنگھ مان بی جے پی میں شامل

Tue, 12 May 2026 12:11:58    S O News
عام آدمی پارٹی کو نیا دھچکا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے چچیرے بھائی گیان سنگھ مان بی جے پی میں شامل

چندی گڑھ، 12/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) پنجاب کے اقتدار پر قابض عام آدمی پارٹی کو پھر سیاسی جھٹکا لگا ہے۔ وزیر اعلی بھگونت مان کے چچیرے بھائی گیان سنگھ مان بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ پنجاب بی جے پی کے صدر سنیل جاکھڑ نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی پنجاب کانگریس نے اس سیاسی واقعہ پر عام آدمی پارٹی پر طنز کسا ہے۔ پنجاب کانگریس نے گیان سنگھ مان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’عام آدمی پارٹی کے 7 اراکین پارلیمنٹ اور ایک چچا کے بیٹے کم ہو گئے...‘‘

پنجاب بی جے پی  نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے گیان سنگھ کی پارٹی میں شمولیت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عآپ پر سخت حملہ بولا ہے۔ پوسٹ میں لکھا کہ ’’بی جے پی پنجاب میں دن بہ دن  مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ موجودہ برسراقتدار پارٹی عام آدمی پارٹی وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو آج اس وقت بڑا سیاسی جھٹکا لگا جب ان کے چچازاد بھائی گیان سنگھ مان بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا کہ ’’ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی جی اور بی جے پی پنجاب کے ریاستی صدر سنیل جاکھڑ جی نے ان کا بی جے پی خاندان میں استقبال کیا اور کہا کہ بی جے پی کی عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی وژن کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ پارٹی سے جڑ رہے ہیں۔‘‘

بی جے پی کے مطابق عام آدمی پارٹی کے اپنے ہی گھر کے اندر اعتماد کے خاتمے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب کے لوگ اب جھوٹے وعدوں اور نمائشی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ عام آدمی پارٹی کے 7 راجیہ سبھا اراکین بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ ان میں سے 6 کو عام آدمی پارٹی نے پنجاب سے راجیہ سبھا بھیجا تھا۔ عام آدمی پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے راجیہ سبھا اراکین کے نام ہیں راگھو چڈھا، سواتی مالیوال، ہربھجن سنگھ، سندیپ پاٹھک، اشوک متل، راجندر گپتا اور وکرم ساہنی۔


Share: