بھٹکل، 7 نومبر (ایس او نیوز): عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے راحت دلانے اور سرکاری انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے مقصد سے کرناٹک حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ’پر جا سیوا ابھیان‘ کے تحت بھٹکل تعلقہ کے بینگرے میں منعقدہ عوامی پروگرام میں مختلف سرکاری محکموں سے متعلق 73 درخواستیں موصول ہوئیں۔
سنیچر کو منعقدہ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال ایس ویدیا نے یقین دلایا کہ عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات اور درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ 15 دن کے اندر مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو اپنے کاموں کے لیے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ حکومت اور انتظامیہ خود ان کے پاس پہنچ کر مسائل سنیں اور ان کا حل تلاش کریں۔
منکال ویدیا نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد محض درخواستیں وصول کرکے متعلقہ محکموں کو بھیج دینا نہیں ہے بلکہ ہر درخواست پر کارروائی اور مسئلے کے حل تک مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔ جن مسائل کو مقامی سطح پر حل کیا جاسکتا ہے، انہیں موقع پر ہی حل کرنے کی کوشش ہوگی، جبکہ تعلقہ سطح پر حل نہ ہونے والے معاملات کو ضلعی اور ضرورت پڑنے پر ریاستی سطح تک پہنچا کر متعلقہ محکموں کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزاروں کو اپنی درخواستوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ رکھا جائے گا اور انہیں بتایا جائے گا کہ ان کی درخواست کس محکمے میں ہے اور اس پر کس مرحلے میں کارروائی جاری ہے۔ فوری حل طلب مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے گا، جبکہ مزید وقت درکار ہونے والی شکایات کو 15 دن کے اندر نمٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر کسی مسئلے کا حل ممکن نہ ہو تو متعلقہ افسران کو اس کی وجہ بھی درخواست گزار کو بتانی ہوگی۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کو حکومت کے مسائل سمجھتے ہوئے کام کریں، کیونکہ وزیر اعلیٰ، وزراء، ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران سب سے پہلے عوام کے خادم ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری سہولتیں لوگوں تک آسانی سے پہنچائیں۔

پروگرام کے دوران پوتی ابھیان کے تحت تیار کردہ اراضی کے پاہنی ریکارڈ اور پنشن کی منظوری کے احکامات مستحقین کے حوالے کیے گئے۔ اس کے علاوہ ماہی گیروں میں لائف جیکٹس، محکمہ مویشی پالن کی جانب سے مویشیوں کے لیے چارہ اور محکمہ لیبر کی جانب سے زچگی کی امداد سے متعلق بانڈ بھی تقسیم کیے گئے۔
پروگرام میں محکمہ مال، پنچایت راج، ہیسکام (بجلی محکمہ)، محکمہ جنگلات اور محکمہ خوراک سمیت مختلف سرکاری محکموں سے متعلق عوام نے مجموعی طور پر 73 درخواستیں پیش کیں۔
اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش، تحصیلدار اوشا پاوسکر، ضلع گارنٹی اسکیموں کے نفاذ کمیٹی کے نائب صدر جناردھن دیواڈیگا، ڈی وائی ایس پی گریش ایس وی، تعلقہ گارنٹی اسکیموں کے نفاذ کمیٹی کے صدر راجو نائک اور تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر سنیل ایم سمیت دیگر افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے۔ تحصیلدار اوشا پاوسکر نے ابتدائی کلمات ادا کیے جبکہ تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر سنیل ایم نے شکریہ ادا کیا۔