دبئی 21/ اگست (ایس او نیوز): متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا صحت عامہ کا اعترافی پلیٹ فارم "ہیلتھ ایوارڈز 2025" اس سال اپنے سب سے بڑے ایڈیشن کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔ یہ تقریب ہیلتھ میگزین اور تھمبے میڈیا کے زیرِ اہتمام 9/ اکتوبر کو گرینڈ حیات دبئی میں منعقد ہوگی، جس میں ایک ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔
یہ ایوارڈز ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جہاں ہیلتھ میگزین، تھمبے میڈیا کے اشتراک سے، 15 ممتاز اماراتی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے ساتھ ساتھ 46 مختلف زُمروں میں فاتحین کو اعزازات سے نوازے گا۔ ان کیٹیگریز میں اسپتال، کلینیکل ایکسی لینس، لیڈرشپ، ہیلتھ ٹیکنالوجی، پبلک ہیلتھ کیمپینز اور صحت کے دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔
عجمان میں قائم معروف تھمبے یونیورسٹی اسپتال کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس ایوارڈز کی شفافیت اور مکمل میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے، تھمبے میڈیا نے عالمی کنسلٹنسی فرم نائٹ فرینک کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ جو نامزدگیوں کی آزادانہ جانچ اور تصدیق کرے گی۔ نائٹ فرینک کی ہیلتھ کیئر ایڈوائزری ٹیم اسکریننگ، شارٹ لسٹنگ، ڈیو ڈیلیجنس اور جیوری پریزنٹیشن جیسے مراحل پر مشتمل کثیر مرحلہ جاتی طریقہ کار کے تحت امیدواروں کا انتخاب کرے گی۔ اس دوران اسناد کی تصدیق، انٹرویوز اور شفاف اسکورنگ کے اصولوں پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
تھمبے میڈیا کے چیف آپریٹنگ آفیسر وگنیش ایس نے بتایا کہ "نائٹ فرینک جیسی عالمی شہرت یافتہ کمپنی کو شامل کرنے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ہیلتھ ایوارڈز میں اعزاز خریدا یا متاثر نہیں کیا جا سکتا، بلکہ یہ صرف میرٹ کی بنیاد پر حاصل ہوتا ہے۔ ہمارا مقصد ان ایوارڈز کی ساکھ کو برقرار رکھنا اور ہیلتھ کیئر میں حقیقی ایکسیلینس کو اجاگر کرنا ہے۔" نائٹ فرینک مینا کے ہیلتھ کیئر ایڈوائزری ایسوسی ایٹ پارٹنر ڈاکٹر گریش کمار نے کہا: "ہمارا کردار یہ یقینی بنانا ہے کہ جائزہ عمل معروضی، شفاف اور ثبوت پر مبنی ہو۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس باوقار اقدام کا حصہ ہیں جو خطے میں ہیلتھ کیئر کے معیار کو بلند کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔"
ایوارڈز کی مہم کو ٹیلی ویژن، پرنٹ، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک وسیع ملٹی میڈیا مہم کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا، جو نامزد افراد اور فاتحین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور صحت کی دیکھ بھال میں ان کے اثرات اور اختراعات کو نمایاں کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
درخواست جمع کرانے کے عمل کو دو مختلف مراحل میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پہلا مرحلہ نامزدگی کا ہے، جو 25 اگست 2025 تک کھلا ہے، جس میں افراد اور تنظیمیں اپنا یا دوسروں کا نام تجویز کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد تفصیلات جمع کرانے کا مرحلہ آتا ہے، جہاں نامزد افراد سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی کامیابیوں کی تفصیلی معلومات اور شواہد آفیشل ویب سائٹ www.healthmagazine.ae/awards کے ذریعے فراہم کریں، جس کے لیے 20 ستمبر 2025 تک کی توسیع شدہ مدت دستیاب ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور خطے سے باہر صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں نمایاں مقام رکھنے والوں سے بھی اس ویب سائٹ پر اپنی پیش کی جانے والی خدمات کو جمع کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔