ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو بندرگاہ پر پہنچ گئے ایل پی جی اور خام تیل سے بھرے ہوئے بحری جہاز

منگلورو بندرگاہ پر پہنچ گئے ایل پی جی اور خام تیل سے بھرے ہوئے بحری جہاز

Mon, 23 Mar 2026 18:50:53    S O News

منگلورو ، 23 / مارچ (ایس او نیوز) مغربی ایشیاء میں جاری جنگی حالات کے پس منظر میں تیل اور گیس کی سپلائی میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے درمیان رسوئی گیس (ایل پی جی)سے بھرا ہوا کارگو جہاز امریکہ کے ٹیکساس میں واقع پورٹ آف نیدر لینڈ سے نیو منگلورو کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے ، جس سے گیس تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بڑی راحت ملی ہے ۔
    
نیو منگلورو پورٹ کے ذرائع کے مطابق سنگاپور کے جھنڈے کے ساتھ سفر کرنے والے 'پائکسس پایونیر' نامی اس جہاز پر 46,961 ٹن رسوئی گیس بھری ہوئی ہے ۔ اس میں سے 16,714.867 ٹن گیس منگلورو کے لئے ہے جبکہ بقیہ گیس گجرات کے کانڈلا اور ممبئی میں خالی کی جائے گی ۔ منگلورو میں یہ کارگو ایجس لوجسٹکس بمعرفت سی لارڈ نے وصول کیا جس کا ایل پی جی ٹرمنل منگلورو پورٹ پر موجود ہے جس میں 82,000 ٹن گیس ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے ۔ 
    
ایل پی جی کو پائپ لائن کے ذریعے منگلورو سے میسورو، ہاسن اور بینگلورو کے لئے سپلائی کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ بلیٹ ٹینکرز کے ذریعے گوا، کیرالہ، تملناڈو اور تلنگانہ کے لئے بھیجا جاتا ہے ۔
    
اسی دوران 96,099.807 ٹن خام تیل سے بھرا ہوا 'ایکوا ٹائٹن' نامی ایک روسی جہاز بھی منگلورو بندرگاہ پر پہنچ گیا ۔ اس کارگو کو منگلورو ریفائنری اینڈ پٹرولیم کیمیکلس لمیٹڈ [ایم آر پی ایل] نے وصول کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ جہاز اصل میں چین کی طرف روانہ ہوا تھا، پھر کچھ دن پہلے اسے ہندوستان کی طرف موڑ دیا گیا ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ 'اویاسس' نامی ایک اور روسی کارگو جہاز 99,900 ٹن ایل پی جی کے ساتھ آج منگلورو پہنچنے کی توقع ہے ۔ 
    
اس کے علاوہ ویتنام کے جھنڈے کے ساتھ سفر کرتے ہوئے  'اپولو اوشیئن' نامی مزید ایک کارگو جہاز25 مارچ کو منگلورو پورٹ پر پہنچے گا ۔ اس میں 17,600 ٹن ایل پی جی انڈین آئل کارپوریشن اور 9,087.157 ٹن گیس ایجیس لوجسٹکس کے لئے ہوگی ۔ 


Share: