نئی دہلی / بنگلورو، 3 اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارمیا نے کہا ہے کہ آئین محض قانونی دستاویز نہیں بلکہ ایک ایسا اخلاقی عہد ہے جو سماجی انصاف، مساوات اور بھائی چارے پر مبنی ایک ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی روح ملک کے محروم اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے ہے، اور یہی اقدار ہماری شناخت ہیں۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی لیگل سیل کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور پنڈت جواہر لعل نہرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم رہنماؤں کی آئینی فکر نے ایک ایسے ہندوستان کا تصور دیا جو ذات پات اور طبقاتی امتیاز سے پاک ہو۔
سدارمیا نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے ریاست کے پسماندہ طبقات کی شناخت اور ان کو ریزرویشن فراہم کرنے کے مقصد سے کیے جا رہے سروے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ درج فہرست ذاتوں کو ان کی آبادی کی بنیاد پر ریزرویشن دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ "سماجی انصاف صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی قدم اور آئینی عہد ہے۔ بھائی چارہ کے بغیر مساوات ممکن نہیں، اور جب تک معاشرے میں سب کو یکساں مقام نہ دیا جائے، سماجی انصاف ادھورا رہتا ہے۔"
وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر امبیڈکر کے اس قول کو یاد دلایا کہ "بھائی چارہ دراصل تمام ہندوستانیوں کا ایک مشترکہ قومی احساس ہے"۔ انہوں نے سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ان کے 20 نکاتی پروگرام، اداروں کی قومی کاری، اور پنچایت راج میں ریزرویشن جیسے اقدامات نے سماجی انصاف کی بنیاد رکھی۔
اپنی تقریر کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک حکومت کثرت میں وحدت پر یقین رکھتی ہے اور ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے جہاں وسائل اور مواقع کا منصفانہ بٹوارہ ہو، اور ہر فرد کو باعزت زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔ یہی ہمارے آئین کی اصل روح ہے اور یہی ہمارا پختہ عہد بھی ہے۔