ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستان میں اسمارٹ فون کی مارکیٹ کی مالیت میں سالانہ 8 فیصد اضافہ

ہندوستان میں اسمارٹ فون کی مارکیٹ کی مالیت میں سالانہ 8 فیصد اضافہ

Mon, 02 Feb 2026 18:29:43    S O News

ممبئی، 2/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)  ہندوستان کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ۲۰۲۵ء کے دوران تعداد (وولیوم) کے لحاظ سے سال بہ سال صرف ایک  فیصد اضافہ ہوا، تاہم مالیت (ویلیو) کے اعتبار سے ۸؍ فیصد کی مضبوط  اضافہ  درج کی گئی۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ صارفین اب زیادہ مہنگے اور پریمیم اسمارٹ فون خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان  میں بھیجے جانے والے ہر پانچ میں سے ایک اسمارٹ فونس کا تعلق اب پریمیم سیگمنٹ سے ہے۔ اس دوران ایپل نے اب تک کی اپنی سب سے زیادہ ویلیو شیئر حاصل کی۔  رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۵ء میں وولیوم کے لحاظ سے آئی کیو او او (آئی کو) کو چھوڑ کر ویوو ۲۰؍ فیصد حصے داری کے ساتھ مارکیٹ میں سرفہرست رہا۔ وہیں ایپل نے۲۸؍ فیصد ویلیو شیئر کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا اور آئی فون ۱۶؍ سب سے زیادہ شپ ہونے والا ماڈل بن گیا۔

ادھر، سیمسنگ وولیوم کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہا۔ کمپنی نے عام صارفین اور پریمیم دونوں زمروں کے فونز پر توجہ مرکوز رکھی۔ پریمیم فونز کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث گلیکسی ایس سیریز کی حصے داری سیمسنگ کی مجموعی شپمنٹ میں اب تک کی سب سے زیادہ رہی۔ ۲۰۲۵ء میں موٹرولا وولیوم کے لحاظ سے سب سے تیزی سے بڑھنے والا برانڈ رہا، جس کی سالانہ ترقی کی شرح ۵۴؍ فیصد رہی  جبکہ سی ایم ایف سب سے تیزی سے بڑھنے والا سب برانڈ رہا، جس کی ترقی۸۳؍ فیصد درج کی گئی۔

کاؤنٹرپوائنٹ کے ریسرچ ڈائریکٹر ترون پاٹھک نے کہا کہ ۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی معاشی صورتحال مستحکم اور مضبوط رہی۔ گھریلو مانگ اچھی رہی، مہنگائی قابو میں رہی اور ریپو ریٹ میں کٹوتی سے صارفین کے لیے خرچ کرنا آسان ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنیوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے پریمیم فون پورٹ فولیو کو مضبوط کیا۔ بہتر کیمرہ، خاص طور پر پورٹریٹ فوٹوگرافی اور فلیگ شپ جیسی خصوصیات پر زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آسان فنانسنگ آپشنز نے بھی صارفین کے لیے نئے فون خریدنا سہل بنا دیا۔

۲۰۲۵ء میں اسمارٹ فون مارکیٹ کی رفتار ملی جلی رہی۔ سال کے آغاز میں زیادہ اسٹاک اور کم لانچز کے باعث فروخت سست رہی، لیکن دوسری سہ ماہی سے نئے لانچز، پرکشش آفرز اور تہواروں کی وجہ سے مانگ میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں تیسری سہ ماہی میں ریکارڈ ویلیو درج کی گئی۔۳۰؍ ہزار روپے سے زائد قیمت والے پریمیم اسمارٹ فونز ۲۰۲۵ء میں سب سے تیزی سے بڑھنے والا سیگمنٹ ثابت ہوئے۔ ان کی فروخت میں سالانہ۱۱؍ فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی شپمنٹ میں ان کی حصے داری ۲۲؍ فیصد تک پہنچ گئی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔


Share: