ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستانی ریلوے نے ٹکٹ کینسل کرنے کے قواعد میں بڑی تبدیلی، رقم واپسی کے لیے اب 8 گھنٹے پہلے منسوخی لازمی

ہندوستانی ریلوے نے ٹکٹ کینسل کرنے کے قواعد میں بڑی تبدیلی، رقم واپسی کے لیے اب 8 گھنٹے پہلے منسوخی لازمی

Wed, 25 Mar 2026 19:56:13    S O News

نئی دہلی ،25 مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی)ہندوستانی ریلوے نے ٹکٹ منسوخی کے قواعد میں نمایاں تبدیلی کی ہے۔ اب مسافر صرف اسی صورت میں رقم واپسی (ریفنڈ) حاصل کر پائیں گے جب وہ ٹرین روانگی سے 8 گھنٹے قبل اپنا ٹکٹ کینسل کرائیں۔ پہلے یہ حد 4 گھنٹےتھی، لیکن اب اسے دوگنا کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آخری لمحے تک ٹکٹ رکھنے کی عادت رکھنے والے مسافر اب اپنی رقم کھو سکتے ہیں۔ نئی ہدایت کے مطابق، مسافروں کو اپنے سفر کے فیصلے پہلے کرنا ہوں گے اور چارٹ تیار کرنے کا وقت بھی 4 گھنٹے سے بڑھا کر 8 گھنٹے مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ ٹکٹ کینسل کرنے کا عمل واضح اور شفاف رہے۔

نئے قوانین کو مرحلہ وار یکم سے 15 اپریل کے دوران لاگو کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ یہ تبدیلیاں ریلوے میں شفافیت بڑھانے اور خالی سیٹوں کا بہتر استعمال کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔ اس سے ویٹنگ لسٹ والے مسافروں کو کنفرم ٹکٹ ملنے کے زیادہ مواقع ملیں گے اور سفر کا منصوبہ بنانا آسان ہوگا۔

نئی قوانین کے مطابق اگر کوئی مسافر ٹرین کی روانگی سے 72 گھنٹے پہلے اپنا ٹکٹ کینسل کر تا ہے تو اسے تقریباً پوری رقم واپس ملے گی۔ صرف منسوخی چارج لیا جائے گا۔ روانگی سے 24 اور 8 گھنٹے کے درمیان منسوخی کے نتیجے میں ٹکٹ کی قیمت سے 50 فیصد کٹوتی ہوگی۔ پہلے یہ اصول 12 سے 4 گھنٹے کے درمیان لاگو ہوتا تھا۔ اسی طرح 72 سے 24 گھنٹوں کے درمیان ٹکٹ کینسل کرانے پرٹکٹ کی قیمت سے 25 فیصد کٹوتی ہوگی۔

اگر ٹرین کی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کوئی ٹکٹ کینسل کیا جاتا ہے تو فی مسافر مقررہ منسوخی فیس کاٹ کر پوری رقم واپس دی جائے گی۔ موجودہ قوانین کے مطابق 48 سے 12 گھنٹے کے درمیان ٹکٹ کینسل کرانے پر25 فیصد کٹوتی ہوتی تھی جبکہ 48 گھنٹے سے زیادہ پہلے کینسل کرنے پر پوری رقم واپس ملتی تھی۔ ریلوے نے مسافروں کو کچھ سہولیات بھی دی ہیں۔

اب اگر آپ نے کاؤنٹر سے ٹکٹ لیا ہے تو اسے ملک کے کسی بھی اسٹیشن سے کینسل کراسکتے ہیں۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف اس اسٹیشن تک محدود تھی جہاں سے ٹکٹ خریدا گیا تھا۔ وہیں ای ٹکٹ کے معاملے میں بھی عمل کو آسان کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور ٹکٹ کینسل ہوتے ہی ریفنڈ خود بخود ہو جائے گا۔ کچھ خاص حالات میں مسافروں کو پوری راحت بھی ملے گی۔ اگر ٹرین منسوخ ہوجاتی ہے یا 3 گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوتی ہے تو مسافر کو پوری رقم واپس ملے گی۔ اسی طرح اگر وہ چارٹ تیار ہونے کے بعد بھی ویٹنگ لسٹ کا ٹکٹ کنفرم نہیں ہوتا ہے تو وہ خود بخود کینسل ہو جائے گا اور پوری رقم واپس مل جائے گی۔


Share: