بھٹکل، 25 مارچ (ایس او نیوز): بھٹکل کے سینئر سماجی کارکن اور مختلف تنظیموں میں سرگرم کردار ادا کرنے والے سید حسن برماور (73) کا بدھ دوپہر مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

خاندانی ذرائع کے مطابق وہ گزشتہ چند دنوں سے علیل تھے اور زیرِ علاج تھے، مگر بدھ دوپہر انہوں نے آخری سانس لی۔
سید حسن برماور سماجی اور سیاسی میدان میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے بھٹکل میونسپل کونسل کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں اور جنتا دل سے وابستہ رہتے ہوئے ضلع اقلیتی وِنگ کے صدر کے طور پر بھی کام کیا۔ وہ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم میں رکنِ انتظامیہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ اس کے علاوہ اسلامی ویلفیئر سوسائٹی، ویلفیئر اسپتال اور شمس اسکول جیسے اداروں کے بانی اراکین میں شامل رہتے ہوئے بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ جماعتِ اسلامی ہند کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہے۔
انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ سماجی خدمت کے لیے وقف رکھا اور کئی غریب خاندانوں کو مکانات کی تعمیر میں مدد فراہم کی۔ وہ ایک ایسے انسان کے طور پر جانے جاتے تھے جو مدد کے لیے آنے والوں کو کبھی مایوس نہیں کرتے تھے۔
ان کے انتقال پر مجلس اصلاح و تنظیم سمیت متعدد اداروں کے ذمہ داران نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
بعد نمازِ عشاء نوائط کالونی کی تنظیم ملیہ مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں قریبی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔