ہلیال ، 25 / مارچ (ایس او نیوز) شہر میں سرکاری ملازمت، سبسیڈی اور قرضہ دلانے کے نام پر عام لوگوں کے ساتھ دھوکہ دینے والے ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
وسنت ڈیسوزا نامی ایک متاثرہ شخص نے اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا منجولا ایرنّا مادر اور آکاش گجاکوٹ نامی ملزمین نے اس کی بیٹی کو تحصیلدار کے دفتر میں ڈاٹا آپریٹر کی نوکری دلانے کا وعدہ کرکے فون پے کے ذریعے 1.51 لاکھ روپے وصول کیے تھے ۔ اس کے بعد ملزمین کی طرف سے پھر 80 ہزار روپوں کا مطالبہ کیا گیا تو متاثرہ شخص کو اپنے ساتھ ہو رہی دھوکہ دہی کا احساس ہوا ۔
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ جب اس نے ملزمین سے رقم واپس طلب کی تو انہوں نے رقم بھی نہیں لوٹائی اور فون کال بھی ریسیو کرنا بند کر دیا ۔ جس کے بعد اس نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ۔
ہلیال پولیس نے جب اس معاملے کی تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ دھوکہ دہی کا یہ جال شہر میں سرگرم ہے اور اسی انداز میں کئی لوگوں کو چونا لگایا جا چکا ہے ۔