انکولہ، 25 مارچ (ایس او نیوز): ضلع اتر کنڑا کے انکولہ تعلقہ میں کانگریس کے سینئر لیڈر گوپال کرشنا نائک پر نامعلوم حملہ آوروں نے دن دھاڑے جان لیوا حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ صبح قریب دس بجے انکولہ کے کینی روڈ پر واقع مارکیٹ روڈ، کَنکَنیشور مندر کے قریب پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق گوپال کرشنا نائک اپنی کار سے اتر کر مندر کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک ایک کار میں سوار نامعلوم افراد کے گروہ نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور گوا رجسٹریشن والی کار میں آئے تھے۔ انہوں نے پہلے لوہے کی راڈ سے حملہ کیا اور بعد ازاں چاقو سے وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے۔
ایک اور ذرائع کے مطابق حملے کے فوراً بعد گوپال کرشنا نائک قریب ہی ایک بینک میں داخل ہو گئے اور اندر سے دروازہ بند کر کے اپنی جان بچائی۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں کا یہ گروہ گزشتہ تین دنوں سے انکولہ کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھا۔
حملے میں گوپال کرشنا نائک کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ انہیں فوری طور پر انکولہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پتہ چلا ہے کہ گوپال کرشنا نائک اس سے قبل کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (KPCC) کے سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ حملے کی پوری واردات قریب کے ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں۔ قید ہوگئی ہے
انکولہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمین کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی ہے۔