تھریشور 23/مارچ (ایس او نیوز): سلطنتِ عمان میں عیدالفطر کے دن پیش آئے اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک کار کے بہہ جانے سے کیرالا کے دو باشندے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک خاتون تاحال لاپتہ ہیں۔ ملیالم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ عمان کے Al Batinah Governorate کے ایک وادی علاقے میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے بعد اچانک پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کیرالا کے ضلع پالکّڑ کے تریتھالا علاقے کے رہائشی یوسف اور شملہ کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ لاپتہ خاتون کی شناخت بھی تریتھالا سے تعلق رکھنے والی رملہ کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ تینوں افراد عید کے موقع پر سیر و تفریح کے لیے نکلے تھے، جب ان کی گاڑی وادی میں داخل ہونے کے دوران اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آکر بہہ گئی۔
اطاع کے مطابق عمان کی سول ڈیفنس، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ تیز بہاؤ اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں، تاہم لاپتہ خاتون کی تلاش بدستور جاری ہے۔ حکام نے ڈرونز اور جدید آلات کی مدد سے بھی سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے۔
واقعے کے بعد کیرالا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، خاص طور پر تریتھالا علاقے میں جہاں جاں بحق افراد کے گھروں پر کہرام مچا ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاں بحق افراد بیرونِ ملک روزگار کے سلسلے میں عمان میں مقیم تھے اور عید کے موقع پر دوستوں کے ساتھ باہر نکلے تھے۔
دریں اثنا، کانگریس کے سینئر رہنما اور کیرالا اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف وی ڈی ستیسن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے متاثرین کی سلامتی کو یقینی بنانے، لاپتہ خاتون کی تلاش تیز کرنے اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
اپنے خط میں ستیسن نے اس سانحے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ عمانی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر کے ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنائے۔ ساتھ ہی انہوں نے ہندوستانی سفارت خانے کو بھی متحرک کرنے پر زور دیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔