ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یکم اکتوبر کو اُترکنڑا سمیت تین ریاستوں میں طوفان سے نمٹنے کی فرضی مشق

یکم اکتوبر کو اُترکنڑا سمیت تین ریاستوں میں طوفان سے نمٹنے کی فرضی مشق

Mon, 21 Sep 2026 19:04:34    S O News
یکم اکتوبر کو اُترکنڑا سمیت تین ریاستوں میں طوفان سے نمٹنے کی فرضی مشق

کاروار، 21 /ستمبر (ایس او نیوز) کرناٹک، گوا اور مہاراشٹرا کے رتناگیری اضلاع کو شامل کرتے ہوئے یکم اکتوبرکوطوفان اوراس سے پیدا ہونے والی ممکنہ آفات سے نمٹنے کے لیے بین ریاستی سطح کی فرضی مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں  اُترکنڑا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ضروری تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے پیر کو ڈپٹی کمشنر دفتر کے اجلاس ہال میں طوفان سے متعلق ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی فرضی مشق کی تیاریوں اور باہمی تال میل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق یہ مشق منعقد کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طوفان کے دوران تمام متعلقہ ریاستی اداروں کو ایک ہی کمانڈ کے تحت لاکر دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال، باہمی تال میل اور عوام کو فوری امداد فراہم کرنا اس مشق کا اہم مقصد ہے۔ کرناٹک، گوا اور مہاراشٹرا میں مجموعی طور پر 24 مقامات پر یہ مشق ہوگی، جبکہ اُترکنڑا ضلع میں کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور، گوکرن اور بھٹکل میں فرضی مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس دوران طوفان کے وقت احتیاطی اقدامات، عوام کا تحفظ، انخلا، بازآبادکاری، راحت اور طبی امداد فراہم کرنے کی عملی تیاری کی جائے گی، تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے آپریشنز شعبہ کے ریٹائرڈ کمانڈنٹ آدتیہ کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے فرضی مشق کے دوران اختیار کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

اجلاس میں ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری پرکاش ہالمّناور، کریمز کے ڈاکٹر وجے راج، ڈی وائی ایس پی گریش، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، بحریہ، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور مختلف ضلعی محکموں کے افسران موجود تھے۔


Share: