تھریسور (کیرالہ)، 22 اپریل (ایس او نیوز): کیرالہ کے ضلع تھریسور کے منڈاتھیکوڈ (Mundathikode) علاقے میں واقع ایک پٹاخہ) بنانے والی فکٹری میں منگل کے روز ہونے والے زوردار دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یونٹ میں مشہور تھریسور پورم (Thrissur Pooram) تہوار کے لیے پٹاخے تیار کیے جا رہے تھے۔
اطلاع کے مطابق یہ دھماکہ دوپہر تقریباً 3:30 بجے اُس وقت ہوا جب بڑی مقدار میں بارودی مواد یونٹ میں موجود تھا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی علاقوں میں زلزلے جیسی کیفیت محسوس کی گئی اور کئی کلومیٹر دور تک اس کی آواز سنی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلے ایک اچانک چنگاری یا فلیش نمودار ہوئی جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا یونٹ دھماکے سے تباہ ہوگیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کم از کم 5 افراد شدید جھلسنے کے باعث نازک حالت میں ہیں۔ کئی زخمیوں کو تھریسور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے وقت یونٹ میں تقریباً 40 سے 70 مزدور موجود تھے، جن میں سے کئی کو بچاؤ ٹیموں نے نکالا جبکہ کچھ افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو کارروائی کے دوران مزید دھماکوں کے خدشے کے باعث امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر فورس اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر محتاط انداز میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونٹ میں بڑی مقدار میں بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا، جو ممکنہ طور پر حادثے کی بڑی وجہ بنا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ مقدار میں کیمیکل اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی ایسے حادثات کا سبب بنتی ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی کارروائیوں کا حکم دیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم سمیت کئی قومی رہنماؤں نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔