کمٹہ، 30 جولائی (ایس او نیوز): سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی ہوبنگری برانچ، کمٹہ–ہوناور اسمبلی حلقہ، ضلع اتر کنڑا کے زیرِ اہتمام جمعرات کو فاروقیہ مسجد کے سامنے خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی رضاکاروں نے حصہ لیتے ہوئے خون عطیہ کیا۔
کیمپ کی خاص بات خواتین کی بھی شرکت رہی، جنہوں نے مردوں کے شانہ بشانہ خون عطیہ کرکے انسانی خدمت کے جذبے کا اظہار کیا اور فلاحی سرگرمیوں میں اپنی فعال موجودگی کا ثبوت پیش کیا۔
اس موقع پر SDPI کمٹہ–ہوناور اسمبلی کے صدر رفیق ہیمکی، سیکریٹری رضوان کاگل، عبدالستار مُلّا کاگل، ہوبنگری برانچ کے ذمہ داران، کارکنان اور گاؤں کے معزز افراد موجود تھے۔ کیمپ میں جمع کیے گئے خون کو بعد ازاں کمٹہ روٹری بلڈ بینک کے حوالے کر دیا گیا تاکہ ضرورت مند مریضوں کے علاج میں استعمال کیا جا سکے۔
