چنئی، 26 /مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)تمل ناڈو میں 23 اپریل کو منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اہل شہریوں کے لیے ووٹر لسٹ میں نام شامل کروانے کا آج آخری موقع فراہم کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ ریاست میں ایک ہی مرحلے میں ہونے والی پولنگ میں تقریباً 5.67 کروڑ ووٹرز کے شرکت کرنے کی توقع ہے، اس لیے حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بروقت اپنے ناموں کی تصدیق اور اندراج یقینی بنائیں تاکہ ووٹنگ کے دن کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ جن لوگوں کا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے وہ فارم 6 براہ راست متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ای آراو) کے پاس جمع کرکے یا سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں انتخابی افسران نے بتایا کہ اس نظرثانی مدت کے دوران 3 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو عوام کے مسلسل ردعمل کی عکاسی کرتی ہیں۔ اندراج کی مہم زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی شرکت اور ایک جامع انتخابی عمل کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
افسران نے بتایا کہ ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی تصدیق کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ خود ووٹ ڈالنا۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ مقررہ وقت کے اندررجسٹریشن نہ کرانے پر آئندہ اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے موقع سے محروم ہونا پڑسکتا ہے کیونکہ اس میں مزید توسیع کا امکان نہیں ہے۔ رجسٹریشن کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور مقامی سطح پر انتخابی افسران کے ذریعہ مدد شامل ہے۔
شہریوں کو ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے اورعمل کو بلاتاخیر مکمل کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ آخری تاریخ میں صرف چند گھنٹے باقی رہ جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر تمام اہل ووٹروں خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والوں اورحال ہی میں رہائش منتقل کرنے والوں سے جلد سے جلد کارروائی مکمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ریاست کی سب سے اہم جمہوری کاوشوں میں سے ایک میں ووٹ کے حق کا استعمال کرنے کے لیے ووٹر لسٹ میں اپنا نام یقنی بنانا اہم اور ضروری قدم ہے۔