ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ہارن کا تنازع پرتشدد؛ مبینہ چاقو حملے میں دو نوجوان شدید زخمی، تین گرفتار

بھٹکل میں ہارن کا تنازع پرتشدد؛ مبینہ چاقو حملے میں دو نوجوان شدید زخمی، تین گرفتار

Fri, 27 Mar 2026 06:39:31    S O News
بھٹکل میں ہارن کا تنازع پرتشدد؛ مبینہ چاقو حملے میں دو نوجوان شدید زخمی، تین گرفتار

بھٹکل، 27 مارچ (ایس او نیوز): بھٹکل میں ہارن کے معمولی تنازع پر شروع ہونے والا جھگڑا پرتشدد رخ اختیار کرتے ہوئے مبینہ چاقو حملے میں تبدیل ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، جمعرات کی شام تقریباً 6:30 بجے تفریحی مقام جالی بیچ کی جانب جاتے ہوئے ایک بولیرو گاڑی کے ہارن بجانے کے معاملے پر دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ بعد ازاں رات کے وقت جالی دیوی نگر کراس کے قریب یہی تنازع شدت اختیار کرگیا۔

IMG-20260327-WA0010

جالی روڈ کے ایک رہائشی کی جانب سے درج شکایت کے مطابق، ابتدائی جھگڑے کے بعد ملزمین—محمد طاہر، کیف کٹّی، یاسین پاشا، محمد مولا عرف مشتاق، محمد قاسم اور دیگر—نے مبینہ طور پر گروہ کی شکل میں بولیرو، ماروتی سوئفٹ کار اور موٹر سائیکلوں پر آکر شکایت کنندہ کے اسکوٹر کو روک لیا اور جھگڑا شروع کردیا۔

شکایت میں بتایا گیا ہے کہ ملزمین نے گالی گلوج کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور بعد ازاں چاقو سے حملہ کردیا۔ حملے میں توصیف خطیب کے پیٹ میں جبکہ محمد زفاف آرمار کے گلے کے قریب وار کیا گیا، جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ محمد وسیم کے ہاتھ پر بھی چوٹ آئی، جبکہ بیچ بچاؤ کرنے آئے ایک اور شخص پر بھی حملہ کیا گیا۔

IMG-20260327-WA0013

افراتفری کے دوران زخمی افراد کی تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور 40 ہزار روپے نقد رقم کے گم ہونے کی بھی شکایت درج کی گئی ہے۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری اسپتال اور پھر پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں افراد اسپتال پہنچ گئے، جس سے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ جیسے جیسے سوشیل میڈیا پر حملوں کی وڈیوس اور مسیجس وائرل ہوئے, ملزمین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد افراد لائف کیئر اسپتال کے سامنے جمع ہوگئے اور احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

بعد ازاں بڑی تعداد میں لوگ بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے کے باہر بھی جمع ہوئے اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ڈی وائی ایس پی گیریش اور سی پی آئی دیواکر پی ایم موقع پر پہنچے، جبکہ اضافی پولیس فورس طلب کرکے حالات کو قابو میں کیا گیا۔

اس سلسلے میں ٹاؤن پولیس تھانے میں پی ایس آئی نوین نائک نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جن کی شنخت محمد طاہر، محمد مولا اور محمد قاسم  کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔   

Click here for report in English   


Share: