بھٹکل، 25 مارچ (ایس او نیوز): بھٹکل آٹو رکشہ ڈرائیورس یونین نے LPG گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تحصیلدار بھٹکل کو ایک یادداشت پیش کی اور فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر یونین صدر رینکٹیش نائک نے کہا کہ ایران–اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کو جواز بنا کر مقامی LPG گیس بنک مالکان آٹو رکشاؤں کے لیے گیس کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر رہے ہیں، حالانکہ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھٹکل کے تمام گیس بنکوں میں 63 روپے فی یونٹ کے حساب سے یکساں قیمت پر گیس فراہم کی جاتی تھی، لیکن اب مختلف بنکوں نے الگ الگ قیمتیں مقرر کر دی ہیں، جن میں ایک میں 75 روپئے، دوسرے میں 76 اور تیسرے میں 85 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اچانک اضافے سے غریب آٹو ڈرائیور، جو اپنی روزی روٹی کے لیے اسی پیشے پر انحصار کرتے ہیں، شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
یونین کی جانب سے پیش کی گئی یادداشت میں تعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے LPG گیس کی قیمتوں کو کم کیا جائے اور تمام گیس بنکوں میں یکساں نرخ نافذ کیے جائیں۔ساتھ ہی یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر گیس کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی تو آٹو رکشہ کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا، جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔
یونین نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ سے جلد از جلد مناسب کارروائی کرنے کی اپیل کی
اس موقع پر شری دھر نائک، مادھو نائک، سلیم محمد یوسف، جاوید مکری، مبین، گریش، پرمود، منجوناتھ، ایشور، گنگادھر اور لوکیش سمیت دیگر موجود تھے۔