بنٹوال 27/ مارچ (ایس او نیوز) آج جمعہ کے دن علی الصبح تھوکٹو فلائی اوور پر ایک بدمعاش کو مہلک ہتھیاروں سے بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا گیا ۔
مقتول کی شناخت عارف حسین (42) عرف 'ٹیبلٹ عارف' کے طور پر کی گئی ہے جو اوچیلا کے قریب ملو گڈے کا رہنے والا ہے ۔ وہ منگلورو بندر پولس اسٹیشن میں غنڈوں کی فہرست میں شامل بدمعاش تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح 3.30 بجے کے قریب پیش آیا جب عارف اپنی بلیٹ موٹر سائیکل پر گودی میں مچھلی کے کاروبار کے لیے منگلورو جا رہا تھا ۔ مبینہ طور پر ایک کار میں اس کا پیچھا کرنے والے حملہ آوروں کے ایک گروپ نے فلائی اوور پر اس کی موٹر سائیکل کو روکا اور اس پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کے بعد حملہ آور وہاں سے فرار ہوگئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور پہلے سے فلائی اوور پر تاک لگائے بیٹھے تھے اور عارف کے اس مقام پر پہنچتے ہی انہوں نے پہلے اس کی موٹرسائیکل کا راستہ روک کر اسے گرا دیا اور پھر جان لیوا حملہ کر دیا، جس سے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور اس نے دم توڑ دیا ۔
اس معاملے کی تفتیش میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے پولیس نے جرم میں استعمال کی گئی کار کا سراغ لگایا ہے ۔
بنٹوال کے بڈولی میں ایک مشکوک کار لاوارث حالت میں پائے جانے کی اطلاع ملنے پر تیزی سے کام کرتے ہوئے وٹل پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پرکاش دیواڈیگا کی قیادت میں ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور گاڑی کو ضبط کرلیا ۔ یہ گاڑی جو مبینہ طور پر حملہ آوروں کے ذریعہ استعمال کی گئی تھی ۔ پتہ چلا ہے کہ عارف کو موٹر سائیکل سے اتار کر قتل کرنے کے بعد ملزمان اسی کار میں موقع سے فرار ہو گئے تھے ۔
پتہ چلا ہے کہ عارف اس سے قبل مئی 2022 میں قتل کی کوشش میں بچ گیا تھا، جب ٹوپی نوفل کی قیادت میں ایک گینگ نے پیسوں کے لین دین کے مسئلے پر باجل کے قریب اس پر چاقوؤں سے حملہ کیا تھا جب وہ اسی طرح کام پر جا رہا تھا ۔ اس کیس کے سلسلے میں نوفل اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔
اصل میں کدرولی کا رہنے والا عارف گزشتہ چھ سات سالوں سے اجیناڈکا کے قریب ملو گڈے میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ رہا تھا۔
واردات کی اطلاع ملنے پر بشمول ڈی سی پی متھن پولیس کی ٹیموں نے جائے واردات کا دورہ کیا اور معائنہ کیا ۔ سینئر پولیس حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور قتل کے اصل محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔