کمٹہ، یکم نومبر (ایس او نیوز): اُتر کنڑا ضلع کے کمٹہ تعلقہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام گوکرن کے دبّناششی ساحل پر اتوار کی صبح سمندر کی تیز لہروں کی زد میں آکر دو سیاح ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان لاپتہ ہوگیا۔ حادثے میں دو دیگر افراد کو بحفاظت بچالیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بنگلورو کی ایک نجی کمپنی کے 16 ملازمین کا ایک گروپ ہفتہ کی رات تفریح کی غرض سے گوکرن پہنچا تھا۔ یہ گروپ دبّناششی ساحل کے قریب واقع ایک ریسارٹ میں مقیم تھا۔ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے گروپ کے پانچ افراد بحر عرب میں نہانے اور تفریح کے لیے اترے، اسی دوران اچانک آنے والی تیز اور بلند لہروں نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسارٹ کے لائف گارڈز، مقامی ماہی گیروں اور دیگر افراد نے بچاؤ کی کوششیں شروع کردیں۔ چار افراد کو سمندر سے نکال کر گوکرن کے پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ مہلوکین کی شناخت جھارکھنڈ کے جمشیدپور سے تعلق رکھنے والی شوبھا داس (22) اور بنگلورو کے محمد اکرم کے طور پر کی گئی ہے۔ محمد اکرم کی منی پال اسپتال منتقلی کے دوران موت واقع ہوئی، جبکہ شوبھا داس نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔
بچائے گئے دیگر دو افراد کی شناخت نشانت ڈی وی (26) اور محمد قاسم کے طور پر ہوئی ہے۔ پانچویں نوجوان کی تلاش جاری ہے۔
گوکرن پولیس اور ساحلی محافظ دستے کے اہلکار لاپتہ نوجوان کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں گوکرن پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔