ترونت پور م، 4 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کیرالہ میں اپوزیشن کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف نے نجی میڈیکل کالجوں کی فیس میں اضافہ کے معاملے پر اسمبلی میں اپنی مخالفت جاری رکھی ۔مخالفت کر رہے اس کے دو اراکین اسمبلی کی بھوک ہڑتال کا آج ساتواں دن ہے۔یو ڈی ایف کے ممبر ان اسمبلی نے بھوک ہڑتال کر رہے کانگریسی ممبران اسمبلی سفی پرامبل اور ہبی ایڈ ن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔اہم اپوزیشن کی غیر موجودگی میں، اسپیکر پی شری رام کرشنن نے دیگر معاملات پر بحث کرائی۔بعد میں سابق وزیر اعلی اومان چانڈی اور اپوزیشن کے لیڈر رمیش چینی تھلا نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی صحت تسلی بخش نہیں ہے لیکن پھر بھی وہ اپنی ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔چینی تھلا نے اقتصادی طور پر کمزور طلباء کے لیے فیس کم کرنے سے متعلق نجی انتظامیہ کے بیان پر توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت اس معاملے پر مثبت قدم اٹھاتی ہے تو ہڑتال ختم ہو جائے گی ۔کل وزیر اعلی پنا رائی وجین نے اس معاملے پر اپوزیشن لیڈروں سے بات چیت کی تھی۔اپوزیشن لیڈر رمیش چینی تھلا نے کہا کہ وزیر اعلی آج نجی میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور اس کے بعد ہڑتال پر فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔